گٹھ جوڑ، گمراہ کن تشہیر پر1ارب سے زائدجرمانے عائد

گٹھ جوڑ، گمراہ کن تشہیر پر1ارب سے زائدجرمانے عائد

کراچی(بزنس رپورٹر)کمپی ٹیشن کمیشن آف پاکستان نے مالی سال 2024-25کے دوران مختلف شعبوں میں گٹھ جوڑ، قیمتوں کے تعین اور گمراہ کن تشہیر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 1 ارب روپے سے زائد کے جرمانے عائد کردیے ۔

کمیشن کے مطابق یوریا کھاد کی قیمتوں کے مصنوعی تعین میں ملوث 6 معروف فرٹیلائزر کمپنیوں اور انکی نمائندہ ایسوسی ایشن پر مجموعی طور پر37 کروڑ 50 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ۔ کمیشن نے قرار دیا کہ ان کمپنیوں نے مارکیٹ میں غیر منصفانہ مسابقت کو فروغ دیاجس سے کاشتکاروں کو نقصان ہوا۔کمیشن نے برائلر چوزوں کی قیمتیں طے کرنے کے الزامات پر 8 بڑی پولٹری ہیچریوں کے خلاف فیصلہ سناتے ہوئے مجموعی طور پر ساڑھے 15 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا۔کمیشن نے مشہور رئیل اسٹیٹ پروجیکٹ کنگڈم ویلی پر جھوٹے اور گمراہ کن دعوؤں پر 15 کروڑ روپے جرمانہ عائدکیا،اسی طرح عالمی سطح پر معروف کمپنی یونی لیور پر بھی گمراہ کن مارکیٹنگ کے الزامات پر 7کروڑ 50 لاکھ روپے کا مشترکہ جرمانہ عائد کیا ۔ کمیشن نے لائف بوائے کے اشتہارات میں مبالغہ آرائی اور غیر حقیقی دعووں پر یونی لیور کو اضافی 6 کروڑ روپے کا جرمانہ کیا۔ کمپیٹیشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستانی مارکیٹ میں مصنوعی قلت، قیمتوں کا گٹھ جوڑاور جھوٹے دعوؤں کے ذریعے صارفین کو دھوکہ دینا ناقابلِ قبول ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں