بیسٹ وے گروپ کا شاہانہ جشن، سر انور پرویز کو خراجِ تحسین

بیسٹ وے گروپ کا شاہانہ جشن، سر انور پرویز کو خراجِ تحسین

کراچی(بزنس ڈیسک)بیسٹ وے گروپ نے رائل البرٹ ہال میں اپنے قیام کی 50 ویں سالگرہ منائی جس میں 800ممتاز مہمانوں نے شرکت کی۔ یہ تقریب بیسٹ وے کے بانی، سر انور پرویز OBE، H Pk کے اعزاز میں منعقد کی گئی۔

تقریب میں برطانیہ کے ایک بااثر کاروباری رہنما کے سفر کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ سر انور پرویز، جو محض عزم و ہمت کے ساتھ برطانیہ آئے تھے ، آج ایک ایسے کاروباری سلطنت کے بانی ہیں جو دنیا بھر میں 50,000سے زائد افراد کو روزگار فراہم کرتی ہے ۔رائل البرٹ ہال کو جشن کی روح سے ہم آہنگ ایک عظیم الشان اسٹیج میں تبدیل کیا گیا، جہاں معززین، اراکین پارلیمنٹ اور بیسٹ وے فیملی کے قریبی دوستوں نے شرکت کی۔بیسٹ وے گروپ کے چیئرمین اور سر انور کے بھتیجے لارڈ ضمیر چوہدری CBE, SI (Pk) نے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہاکہ یہ سفر محض کاروباری کامیابی کا نہیں بلکہ سماجی ترقی، کمیونٹی میں سرمایہ کاری اور فلاحی کاموں کا ہے ۔ ایک دور افتادہ دیہی گاؤں سے 1976 میں بیسٹ وے کے قیام تک، سر انور کی کہانی حوصلے ، وژن اور مقصد کی ہے ۔ آج ہم ان 50 سالوں کا جشن مناتے ہیں جنہوں نے لاکھوں لوگوں کی زندگیوں پر مثبت اثر ڈالا۔ سابق برطانوی وزیرِاعظم دی رائٹ آنریبل لارڈ ڈیوڈ کیمرون نے سر انور کے جذبہ خدمت، سخاوت اور کاروباری اقدار کو سراہتے ہوئے کہاکہ"وہ ایک سچے برطانوی کامیاب شخص ہیں جن کا اثر براعظموں اور نسلوں تک پھیلا ہوا ہے ۔ لارڈ ضمیر چوہدری نے اختتامی خطاب میں کہا کہ یہ رات صرف ماضی کو یاد کرنے کے لیے نہیں، بلکہ مستقبل کو دیکھنے کے لیے ہے ۔ بیسٹ وے کی کہانی ابھی مکمل نہیں ہوئی، یہ ایک ایسے شخص کی میراث ہے جس نے حالات سے کہیں بڑھ کر خواب دیکھے اور انہیں حقیقت بنایا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں