سرمایہ کار وں کا اعتماد کم ہورہا، اضافہ صرف دکھاوا، اظفر احسن
کراچی (بزنس رپورٹر )پاکستان کے سابق وزیر برائے سرمایہ کاری محمد اظفر احسن نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے سنگین انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ اعداد و شمار میں اضافہ محض دکھاوا ہے۔۔۔
حقیقت میں سرمایہ کاروں کا اعتماد تیزی سے کم ہو رہا ہے ۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ صرف سرمائے کا نہیں بلکہ اعتماد کا بحران ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ مالی سال میں مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری میں 27 فیصد اضافہ ہوا جو 3.17ارب ڈالر سے بڑھ کر 4.03 ارب ڈالر ہو گئی لیکن خالص اضافہ محض 4.7 فیصد رہا جو 2.35 ارب ڈالر سے 2.46 ارب ڈالر تک پہنچا۔ انہوں نے اسے کمزوری کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ معمولی اضافہ درحقیقت پالیسی عدم استحکام کی عکاسی کرتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کل غیر ملکی سرمایہ کاری میں 8 فیصد کمی واقع ہوجبکہ نجی غیر ملکی سرمایہ کاری میں 15 فیصد گراوٹ ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے اسے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں کمی کی واضح علامت قرار دیا۔اظفر احسن نے پورٹ فولیو سرمایہ کاری میں 475 ملین ڈالر کے منفی رجحان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض اعداد کا کھیل نہیں بلکہ سرمایہ کاروں کی بے چینی اور پالیسی عدم استحکام کا اظہار ہے ۔