ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید مستحکم،سونا 100روپے سستا

ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید مستحکم،سونا 100روپے سستا

کراچی (بزنس ڈیسک)پیر کو زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا اور ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا رہا۔

ایس اینڈ پی کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ اپ گریڈ ہونے ،ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 2025 میں شرح نمو 2.7فیصد رہنے کی پیشگوئی اور برآمد کنندگان کی جانب سے ترسیلات بھنانے جیسے عوامل روپے کو سہارا دیتے رہے ۔اسی دوران حکومت کی نئی اسکیم، جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات بڑھانے کے لیے متعارف کرائی گئی ہے ، کے مثبت اثرات کی توقعات اور چین کی جانب سے فائبر براڈبینڈ میں سرمایہ کاری کی خبروں نے بھی مارکیٹ کا اعتماد بحال رکھا۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں ایک موقع پر 73 پیسے کمی ریکارڈ کی گئی، اور اس کی قیمت 282.21 روپے تک آگئی تھی، تاہم درآمدی طلب کے باعث کاروبار کے اختتام پر ڈالر 24 پیسے کمی کے ساتھ 283.21 روپے پر بند ہوا۔اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 25 پیسے کمی کے ساتھ 286.30 روپے پر بند ہوئی۔ دوسری جانب سونے کی قیمت میں معمولی کمی دیکھنے میں آئی۔ ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونا 100 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 56 ہزار 300 روپے کا ہوگیا۔ فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 85 روپے کمی سے 3 لاکھ 5 ہزار 470 روپے رہی۔البتہ چاندی کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، اور فی تولہ چاندی 3 ہزار 963 روپے جبکہ فی 10 گرام چاندی 3 ہزار 397 روپے پر مستحکم رہی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں