ای انوائسنگ کو ملک میں مرحلہ وار نافذ کرنے کا مطالبہ

ای انوائسنگ کو ملک میں مرحلہ وار نافذ کرنے کا مطالبہ

کراچی(بزنس ڈیسک)پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی سی ڈی ایم اے) کے چیئرمین سلیم ولی محمد نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ای انوائسنگ کے اچانک نفاذ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے کاروباری طبقے کے لیے تباہ کن قرار دیا ہے۔

چیئرمین سلیم ولی محمد کا کہنا ہے کہ یکم اگست 2025 سے ای انوائسنگ پر عمل درآمد کے لیے جاری کردہ ایس آر او 1413(I)/2025 زمینی حقائق سے متصادم اور چھوٹے تاجروں کے لیے ناقابلِ عمل ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تاجروں کی اکثریت نہ صرف تکنیکی مہارت سے محروم ہے بلکہ ان کے پاس مطلوبہ کمپیوٹر سسٹمز اور سافٹ ویئرز بھی دستیاب نہیں ہیں۔ ایسے میں بغیر کسی تربیت، مشاورت یا آگاہی کے اس سسٹم کو نافذ کرنا کاروباری سرگرمیوں کو مفلوج کر دے گا۔ انہوں نے چیئرمین ایف بی آر سے مطالبہ کیا کہ جب تک تاجروں کو ای انوائسنگ کے حوالے سے تربیت فراہم نہیں کی جاتی، اس پر عمل درآمد مؤخر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے نہ تو سیمینارز کا انعقاد کیا اور نہ ہی کسی قسم کی آگاہی مہم چلائی، بلکہ صرف ایک تاریخ دے دی کہ اب تمام ادارے ای انوائس جاری کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرن اوور کی بنیاد پر کمپنیز کو ای انوائسنگ کے دائرے میں لانے کا عمل مرحلہ وار ہونا چاہیے۔ اس نظام کو پہلے صرف پبلک لمیٹڈ کمپنیوں پر لاگو کیا جائے اور ان کے نتائج کی روشنی میں آئندہ مراحل کا فیصلہ کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں