چینی کی قیمت میں اچانک8 روپے کلو اضافہ،عوام پریشان
کراچی(رپورٹ:حمزہ گیلانی)شوگر ملز مالکان نے کراچی کے باسیوں کیلئے چینی کی قیمت میں ایک ہی روز میں 8 روپے فی کلو کا خود ساختہ اضافہ کردیا ، قیمتوں میں اس اچانک اور غیر قانونی اضافے پر تاجر برادری اور صارفین نے شدید تشویش کا اظہار کیاہے ۔
چیئرمین گروسرز اینڈ ہول سیلرز ایسوسی ایشن عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق حکومت نے ایکس مل ریٹ 165 روپے فی کلو مقرر کیا ہے لیکن شوگر ملز مالکان اس ریٹ کو یکسر نظر انداز کر کے چینی 173 روپے فی کلو پر فروخت کر رہے ہیں ۔شہر بھر کی تمام ہول سیل مارکیٹوں میں بھی چینی کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جہاں چینی کی فی کلو قیمت 7 روپے اضافے کے ساتھ 177 روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ واضح رہے کہ ایکس مل اور ہول سیل مارکیٹوں کے بعد ریٹیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 190 سے بڑھ کر 195 روپے فی کلو ہو چکی ہے جو عوامی بجٹ کیلئے ایک کاری ضرب کے مترادف ہے ۔ عبدالرؤف ابراہیم کا کہنا تھا کہ حکومت نے جو سرکاری نرخ مقرر کیے ہیں، ان پر عملدرآمد کروانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے ۔شوگر ملز مالکان اپنی مرضی سے ریٹ طے کر رہے ہیں اور مارکیٹ کو بلیک میل کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر مارکیٹ میں ریٹیل اور ہول سیل قیمتوں پر نظر رکھنے والا نظام فعال کرے اور ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔