اسٹاک ایکسچینج :ہفتے کا مثبت اختتام ،انڈیکس 1108پوائنٹس بڑھ گیا
کراچی(بزنس رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں گزشتہ کاروباری ہفتہ مثبت رجحانات کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بہتری اور ادارہ جاتی خریداری کے باعث مارکیٹ مجموعی طور پر مثبت زون میں رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق ہفتے کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 1108 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 0.76 فیصد بہتری کے ساتھ 1 لاکھ 46 ہزار 491 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ دورانِ ہفتہ انڈیکس کی بلند ترین سطح 1 لاکھ 47 ہزار 976 پوائنٹس جبکہ کم ترین سطح 1 لاکھ 45 ہزار 258 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔گزشتہ ہفتے مجموعی طور پر 2.42 ارب حصص کا لین دین ہوا، جس کی مالیت 162 ارب روپے رہی اور اس کے نتیجے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی 127 ارب روپے کا اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 17 ہزار 469 ارب روپے تک پہنچ گئی۔اسٹاک ماہرین کے مطابق مارکیٹ میں نمایاں طور پر میوچل فنڈز کی خریداری دیکھنے میں آئی، جس نے انڈیکس کو سہارا دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومتی معاشی اقدامات، شرح سود میں کمی کے امکانات اور توانائی نرخوں سے متعلق مثبت خبریں سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بڑھا رہی ہیں۔ تاہم ماہرین نے خبردار کیا کہ منافع کے حصول (پرافٹ ٹیکنگ) کی سرگرمیوں کے باعث آئندہ ہفتے انڈیکس دباؤ کا شکار ہو سکتا ہے۔