کراچی : چینی نرخوں کو پر لگ گئے، صارفین مہنگائی کے شکنجے میں

 کراچی : چینی نرخوں کو پر لگ گئے، صارفین مہنگائی کے شکنجے میں

کراچی(رپورٹ:محمد حمزہ گیلانی) کراچی میں چینی کی قیمتوں میں بے قابو اضافہ جاری ہے،شوگر ملز مالکان نے حکومتی نرخنامے کو نظر انداز کرتے ہوئے من مانے دام وصول کرنا شروع کر دیے، جس کے باعث صارفین شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

چیئرمین گروسرز اینڈ ہول سیلرز ایسوسی ایشن عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق حکومت نے ایکس مل چینی کی قیمت 167 روپے فی کلو مقرر کی تھی ،مگر شوگر ملز مالکان نے ازخود اضافہ کرتے ہوئے ایکس مل ریٹ 177 روپے فی کلو مقرر کر دیا۔انہوں نے بتایا کہ صرف دو روز کے دوران ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 4 روپے بڑھ گئی ہے اور فی کلو ریٹ 180 روپے تک پہنچ گیا ہے ۔ عبدالرؤف ابراہیم نے خدشہ ظاہر کیا کہ آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ ادھر ریٹیل سطح پر چینی کی فی کلو قیمت 192 روپے سے بڑھ کر 195 روپے تک پہنچ چکی ہے ۔ حکومتی نرخنامے پر عمل درآمد نہ ہونے کے باعث صارفین براہِ راست مہنگائی کا بوجھ برداشت کر رہے ہیں۔ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو چینی کی قیمتوں میں مزید ہوشربا اضافہ ہوسکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں