ہیومن ریسورس میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ، میاں کاشف
جدید دور کے سرمایہ کارتربیت یافتہ لیبر فورس کے خواہاں، سی ای او فرنیچر کونسل
لاہور (اے پی پی)پاکستان فرنیچر کونسل کے سی ای او میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ جدید ترین ہنرمند افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کے لیے ہیومن ریسورس میں سرمایہ کاری وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عالمی صنعتیں تیزی سے جدید ٹیکنالوجیز، آٹومیشن اور جدت پر مبنی پیداوار کی طرف مائل ہو رہی ہیں جس سے تربیت یافتہ و ہنر مند افرادی قوت والی قومیں بہت سے فوائد حاصل کررہی ہیں،لہذا پاکستان کو بھی تعلیم، تکنیکی تربیت، پیشہ ورانہ مہارتوں اور مسلسل پیشہ ورانہ ترقی کی طرف توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جدید دور کے سرمایہ کار نہ صرف سازگار پالیسیوں بلکہ تربیت یافتہ لیبر فورس کے بھی خواہاں ہیں ۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ انسانی وسائل میں سرمایہ کاری سے بے روزگاری کو کم کرنے ، اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور نوجوان نسل کے لیے پائیدار مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔