جنگ میں شدت،امریکی طیارہ تباہ:6فوجی مارے گئے،مجموعی ہلاکتیں13ہوگئیں،بحری بیڑے کو بھی نقصان،فرانس کا ایک فوجی ہلاک6زخمی،امریکا نے مجتبیٰ خامنہ ای پر 1 کروڑ ڈالر انعام مقرر کر دیا
ایرانی صدر ودیگر قیادت کی یوم القدس ریلی میں شرکت، دھماکے میں ایک شخص شہید ، اسرائیل کے زیر قبضہ شہر الجلیل پر راکٹ حملے میں 80 زخمی، جنوبی لبنان پر صیہونی حملے میں 8افراد کی شہادت،9زخمی عمان میں 2بھارتی شہری ہلاک،دبئی کے آئل رِگ میں آگ ، ایران کی بھارتی پرچم بردار 2جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت،ترک جہاز کو بھی جانے دیا،مجتبیٰ خامنہ ای زخمی، چھپتے پھر رہے :امریکا
تہران ،واشنگٹن ( نیو ز ایجنسیاں )امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان شروع ہونے والی جنگ شدت اختیار کرگئی، عراق میں امریکی طیارہ تباہ، 6 فوجی مارے گئے ، مجموعی ہلاکتیں 13 ہوگئیں، بحری بیڑے ابراہم لنکن کو بھی نقصان پہنچا ، جبکہ فرانس کا ایک فوجی ہلاک،6 زخمی ہوگئے، امریکی محکمہ خارجہ نے ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہای اور دیگر اعلیٰ حکام کے بارے میں معلومات پر ایک کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے ۔ دیگر عہدیداروں میں وزیر اطلاعات اسماعیل خطیب، نائب چیف آف سٹاف علی اصغر حجازی، میجر جنرل یحیی رحیم صفوی، بریگیڈیئر جنرل سکندر مومنی اور سکیورٹی چیف علی لاریجانی شامل ہیں۔ مشرق وسطٰی جنگ میں امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 13 ہو گئی ہے ۔ امریکا کا ایک فوجی ری فیولنگ طیارہ مغربی عراق میں گِر کر تباہ ہوا اور اس کے عملے کے 6 ارکان ہلاک ہوئے ۔ امریکی سنٹرل کمانڈ کا کہنا ہے کہ فوج کا ایک کے سی 135 ایندھن بردار جہاز ‘دو طیاروں کے درمیان پیش آنے والے ایک واقعے ’ کے بعد گِر کر تباہ ہوا،دوسری جانب ایران کے حمایت یافتہ مسلح دھڑوں کے اتحاد ‘اسلامک مزاحمتی گروپ عراق’ نے امریکی فوجی طیارے پر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔
ایرانی پاسداران انقلاب کاکہنا ہے کہ میزائل حملوں سے امریکی بحری بیڑے ابراہم لنکن کو نقصان پہنچا ہے ۔ بحری بیڑے ‘غیر فعال’ اور پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو گیا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اسے ایران کی سمندری حدود سے 340 کلو میٹر دُور بحیرہ عمان میں نشانہ بنایا گیا۔تاہم امریکی سنٹرل کمانڈ کے مطابق ابراہم لنکن بدستور آپریشن ایپک فیوری میں حصہ لے رہا ہے جبکہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے بتایا کہ عراق کے شہر اربیل میں ڈرون حملے سے ایک فرانسیسی فوجی ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے ۔ اسرائیل کے زیر قبضہ الجلیل شہر میں راکٹ گرنے سے 80 افراد زخمی ہوگئے ، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 300 سے زائد گھر تباہ ہوئے ۔اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ جنگ کے آغاز سے 10 مارچ تک ایرانی میزائل حملوں میں 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق لبنان میں جھڑپوں کے دوران دو اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے ہیں۔ادھر اسرائیلی حملے میں جنوبی لبنان کے ایک گاؤں سیڈون کے قریب بندرگاہی شہر میں 8افراد جاں بحق 9 زخمی ہوگئے ۔انڈین حکام کے مطابق عمان کے شہر صحار میں ایک حملے کے نتیجے میں دو بھارتی شہری ہلاک ہوئے ۔
دبئی کے وسطی علاقے میں فضائی حملہ ناکام بنانے کے بعد ملبہ عمارت پر گر گیا جس سے عمارت کے اگلے حصے کو معمولی نقصان پہنچا، حکام نے واضح نہیں کیا کہ حملہ میزائل سے کیا گیا تھا یا ڈرون کے ذریعے کیا گیا۔ متحدہ عرب امارات کے ساحل کے قریب آئل رِگ میں آگ بھڑک اٹھی ، میری ٹائم سکیورٹی کی ایک کمپنی امبری کے مطابق ایک تجارتی بحری بیڑے نے متحدہ عرب امارات کے ساحل کے قریب ایک آئل رِگ پر آگ لگنے کی اطلاع دی ہے ۔ دبئی کی جبل علی بندرگاہ کے شمال مغرب میں لگنے والی اس آگ کی وجہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور کسی جہاز کو نقصان یا عملہ زخمی نہیں ہوا ہے ۔وسطی تہران میں یوم القدس پر حکومت کی حمایت میں نکالی جانے والی ریلی کے قریب دھماکے ہوئے ہیں،مارچ میں ہزاروں ایرانی فلسطین کی حمایت میں شریک تھے ،مرکزی انقلاب سکوائر کے قریب دھماکوں کے دھویں کے بادل اٹھنے کے باوجود نعرے لگاتے رہے ۔ دھماکوں میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا ۔ایرانی صدر مسعود پزشکیان ، وزیر خارجہ عباس عراقچی، قومی سلامتی کے مشیر علی لاریجانی اور ایرانی عدلیہ کے سربراہ غلام حسین محسنی نے ریلی میں شرکت کی۔ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے دعویٰ کیا کہ ایران کے نئے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای ‘زخمی’ ہیں، اور ‘چھپتے پھر رہے ہیں۔’علاوہ ازیں ایران نے دو بھارتی پرچم والے لیکوئفائیڈ پٹرولیم گیس (ایل پی جی ) کے جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی ہے ، جو ایرانی بندش کے دوران ایک غیر معمولی واقعہ ہے ۔
ایرانی اجازت کے بعد ترک ملکیت کا بھی ایک جہاز آبنائے ہرمز سے بحفاظت گزر گیا ۔ایران کے صدر مسعود پزیشکیان کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل ایران کو کمزور کرنے اور اسے ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اے ایف پی کے مطابق انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے شیطانی مقاصد ایران اور دیگر اہم اسلامی ریاستوں کو کمزور اور منتشر کرنا ہیں۔برطانوی وزیر دفاع جان ہیلی نے کہا ہے کہ روس ایران کی مدد کر رہا ہے ۔ہیلی کے مطابق ایران کے ڈرون حملوں میں جو حکمت عملی اور تکنیکی مہارت دیکھی جا رہی ہے ، وہ روس کی یوکرین میں استعمال کی گئی ڈرون تکنیک سے مشابہت رکھتی ہے ، جس سے یہ خدشہ ظاہر ہوتا ہے کہ ماسکو نے تہران کو تکنیکی رہنمائی یا تجرباتی مشورے فراہم کیے ہیں۔دوسری جانب فاکس نیوز ریڈیو کیساتھ انٹرویو میں صدر ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ سمجھتے ہیں کہ روسی صدر پوٹن ایران کی مدد کر رہے ہیں۔جس کے جواب میں امریکی صدر نے کہا کہ مجھے لگتا ہے شاید وہ تھوڑی مدد کر رہا ہو کیوں کہ روس سمجھتا ہے کہ امریکا وہاں یوکرین کی مدد کر رہا ہے ۔