سکیورٹی فورسز نے افغان دہشتگرد تنظیم کے 2ڈرونز مار گرائے:اسلام آباد ائیر پورٹ سے پروازیں معمول کے مطابق جاری:سرکاری بیان

سکیورٹی  فورسز  نے  افغان  دہشتگرد  تنظیم  کے 2ڈرونز  مار  گرائے:اسلام  آباد  ائیر پورٹ  سے  پروازیں  معمول  کے  مطابق  جاری:سرکاری  بیان

دہشتگرد تنظیم FAKکے دو ڈرونز کوافغان طالبان کی سرپرستی حاصل ،الیکٹرانک کاؤنٹر اقدامات سے نشانہ بنایا،کسی فوجی یا دیگر انفراسٹرکچر کو نقصان نہیں پہنچا:وزارت اطلاعات اسلام آباد کی فضائی حدود بند ہونیکی خبریں بے بنیاد:پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی ، کوہاٹ میں پولیس نے ڈرونزکو ناکارہ بنا دیا،ملبہ گرنے سے 2افرادزخمی ہوئے :پختونخوا حکومت

اسلام آباد (نامہ نگار، دنیا نیوز) وفاقی وزارت اطلاعات ونشریات نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے افغان دہشتگر د تنظیم کے 2 ڈرونز مارگرائے ، کسی فوجی یا دیگر انفراسٹرکچر کو نقصان نہیں پہنچا،وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق دہشت گرد تنظیم FAK کے دو ابتدائی نوعیت کے ڈرونز، جنہیں افغان طالبان حکومت کی سرپرستی حاصل تھی، کو پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے الیکٹرانک کاؤنٹر میژرز کے ذریعے کامیابی سے مار گرایا۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق ان ڈرونز کے گرنے سے پیدا ہونے والے ملبے کی وجہ سے معمولی نقصان کے سوا کسی فوجی یا دیگر انفراسٹرکچر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔طالبان حکومت کے دعوؤں کے حق میں ہمیشہ کی طرح کوئی قابلِ تصدیق ثبوت موجود نہیں  تاہم یہ دعوے اس بات کو واضح کرتے ہیں کہ وہ دہشت گردی کے ایک مرکزی پراکسی کے طور پر کام کر رہی ہے ۔

وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ طالبان حکومت متعدد دہشت گرد تنظیموں کو پناہ اور معاونت فراہم کر رہی ہے جن میں بھارتی حمایت یافتہ گروپس FAK اور FAH بھی شامل ہیں۔ طالبان حکومت کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس جن میں یہ نام نہاد وزارتِ دفاع کا اکاؤنٹ بھی شامل ہے باقاعدگی سے جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کو فروغ دینے کے لئے جانے جاتے ہیں۔ وزارت اطلاعات کے مطابق حال ہی میں انہوں نے پاکستان ایئر فورس کے طیارے مار گرانے اور پائلٹس کو گرفتار کرنے جیسے بے بنیاد دعوے کئے تھے جنہیں بعد میں شرمندگی کے ساتھ حذف کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کی فضائی حدود بند ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں، اسلام آباد ایئرپورٹ معمول کے مطابق فعال ہے ۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بلا تعطل جاری ہے ، پروازیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔ عوام غلط خبروں پر توجہ نہ دیں، اسلام آباد کی فضائی حدود اور ایئرپورٹ آپریشن معمول کے مطابق برقرار ہیں۔ علاوہ ازیں معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا کہ کوہاٹ میں پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ڈرون پروازوں کو ناکام بنا دیا ، ملبہ گرنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے ۔ کوہاٹ سمیت پورے صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں