ایران کیخلاف جنگ میں امریکا عملی طور پر شکست کھا چکا:حافظ نعیم

ایران کیخلاف جنگ میں امریکا عملی طور پر شکست کھا چکا:حافظ نعیم

امریکا کے ذہنی غلام حکمران واشنگٹن سے پاکستانی عوام پر جبر کا سرٹیفکیٹ لیتے ہیں حکمران ہوش کے ناخن لیں، آج ایران ہے تو کل پاکستان کی باری آئیگی:خطاب

لاہور(سٹاف رپورٹر،سیاسی نمائندہ،این این آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے ایران کیخلاف جنگ میں امریکا عملی طور پر شکست کھا چکا،حکمران امریکا کے ذہنی غلام ، یہ واشنگٹن سے اپنی پاکستانی عوام پر جبر کا سرٹیفکیٹ لیتے ہیں۔ حماس ، ایران اور کشمیر کی قیادت اور عوام نے بدترین سفاکیت کے سامنے عظیم استقامت کا مظاہرہ کیا جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں،تمام مسلمانوں اور مظلوم انسانیت کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ کی جامع مسجد میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں، آج ایران ہے تو کل پاکستان کی باری آئے گی، دشمنوں کو پاکستان کا ایٹمی پروگرام کھٹکتا ہے ۔ انہوں نے اس امر پرافسوس کا اظہار کیا کہ  مسلم دنیا کے حکمرانوں کی ٹرمپ کی خوشنودی کے حصول کیلئے لائن لگی ہے ، وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرمپ کو اس وقت سیلوٹ کیا جب امریکی صدر صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو کو غزہ پر مہلک ترین اسلحہ کے استعمال پر تھپکی اور شاباشی دے رہا تھا، اسرائیل امریکا کی پشت پناہی میں ساٹھ ستر برس سے فلسطینیوں کا قتل عام کررہا ہے ، دنیا کی طاقتیں اس پر خاموش ہیں،نام نہاد بڑی سیاسی پارٹیوں نے نام لے کر ایک دفعہ بھی امریکا و اسرائیل کی جارحیت اور دہشت گردی کی مذمت نہیں کی ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں