اسٹاک ایکسچینج میں تیزی،انڈیکس 138پوائنٹس بڑھ گیا
100انڈیکس 1لاکھ66ہزار 283پوائنٹس پر بند،33ارب روپے منافع
کراچی(بزنس رپورٹر)آئی ایم ایف کی شرائط پر حکومت کا من و عن عمل کرنا ، ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ، سعودی عرب کا 3ارب ڈالر ڈپازٹ کی مدت میں توسیع اور امن و امان کی بہتر صورتحال پاکستان اسٹاک مارکیٹ کو کاروباری ہفتے کے چوتھے روز مندی سے نکال کر مثبت سطح پر لے آئی۔مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ تاہم مالیاتی اداروں کی جانب سے پرافٹ ٹیکنگ نے کے ایس ای 100 انڈیکس کی جاری تیزی کو بریک لگایا اورانڈیکس ایک موقع پر 259 پوائنٹس کی کمی سے 1 لاکھ 65 ہزار 886 پوائنٹس کی یومیہ کم ترین حد تک ٹریڈ ہوا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس138پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ66 ہزار 283 پوائنٹس پربند ہوا، اسی طرح آل شیئرز انڈیکس 177پوائنٹس کے اضافے سے 100743 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30 انڈیکس 183پوائنٹس کے اضافے سے 238092 پوائنٹس پر بند ہوا تاہم کے ایس ای 30 انڈیکس14.33پوائنٹس کی کمی سے 50481.85پوائنٹس پر بند ہوا۔اس دوران سرمایہ کاروں کو 33ارب کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 18 ہزار 948 ارب ہوگیا۔