ہالینڈ کا تجارت وسرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کا عزم

ہالینڈ کا تجارت وسرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کا عزم

دونوں ممالک ملکر انوسٹرزکیلئے پرکشش ماحول پیداکریں ، رابرٹ جان سیگرٹ

لاہور (این این آئی)نیڈرلینڈز کے سفیر رابرٹ جان سیگرٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اورہالینڈ کے درمیان تجارتی تعلقات مضبوط ہیں اور مسلسل بڑھ رہے ہیں، تاہم تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون مزید بہتر بنانے کیلئے ابھی تھوڑا سا کام باقی ہے ۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو مل کر ایسا کاروباری ماحول پیدا کرنا ہوگا جو غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے زیادہ پْرکشش ہو۔وہ لاہور چیمبرمیں اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔سفیر نے کہا کہ پاکستان ایک بڑی مارکیٹ رکھتا ہے ، لیکن غیر ملکی سرمایہ کار دنیا بھر میں مواقع کا موازنہ کرتے ہیں، لہٰذا قوانین اور ضوابط کو مزید آسان بنانا، کاروبار کرنے میں سہولت بہتر کرنا اور خصوصی معاشی زونز سے آگے بڑھ کر اصلاحات کرنا لازمی ہے تاکہ ڈچ سرمایہ کار مزید دلچسپی لیں۔لاہور چیمبر کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے مصنوعات کی رینج میں اضافہ اور نئے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا، جن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، فارماسیوٹیکلز، قابلِ تجدید توانائی، فوڈ پروسیسنگ اور آٹوموٹیو پروڈکشن شامل ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ نیڈرلینڈز جدید ٹیکنالوجی اور طریقوں کے ذریعے پاکستان کی زرعی شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں