کینو کیبمپر کراپ سے قیمتی زرمبادلہ متوقع،وحید احمد
سی آئی ایس مارکیٹس تک رسائی اہم ،ایکسپورٹرز کوئی کسر نہیں چھوڑینگے
کراچی(بزنس رپورٹر)آل پاکستان فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایکسپورٹرز،امپورٹرز اینڈ مرچنٹس ایسوسی ایشن کے پیٹرن انچیف وحید احمد نے کینو کی برآمدات سے متعلق اہم مسئلے کے فوری حل پر وزیراعظم، وزیرِ تجارت اور گورنر اسٹیٹ بینک سے اظہار تشکر کیا ۔وحید احمد کے مطابق حکومت نے کینو کی برآمدات کیلئے درکار فنانشل انسٹرومنٹ کا معاملہ نہایت تیزی سے حل کیا جسکے بعد ایران کے راستے زمینی راہداری کے ذریعے سی آئی ایس ممالک کو کینو کی برآمدات ممکن ہوگئیں۔ پیٹرن اِنچیف نے مزید کہا کہ رواں سال کینو کی بمپر کراپ برآمدی قدر میں نمایاں اضافہ کر سکتی ہے اور اب پیدا ہونے والا یہ نایاب موقع ایکسپورٹرزکیلئے سنہری اہمیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستانی ایکسپورٹرز سی آئی ایس مارکیٹس تک رسائی کے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے قیمتی زرمبادلہ کمانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے ۔