ہاکی ورلڈکپ کوالیفائر پاکستان نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی
کوالیفائر راؤنڈ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ملائشیا کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست،ایونٹ میں یہ مسلسل دوسری کامیابی تین کوارٹر تک مقابلہ تین تین گول سے برابر تھا، رانا وحید ، زکریا ، احمد ، سفیان اور عمار نے گول کئے ،تیسرا میچ کل آسٹریا کے خلاف
اسماعیلیہ (سپورٹس ڈیسک)قومی ہاکی ٹیم یکم تا 7 مارچ تک کھیلے جانے والے ایف آئی ایچ مینز ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ملائشیا کو تین کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔پاکستان کی ایونٹ میں یہ مسلسل دوسری کامیابی ہے ۔مصر کے شہر اسماعیلیہ میں جاری ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان اور ملائشیا کے درمیان مقابلہ سنسنی خیز رہا۔تین کوارٹر تک مقابلہ تین تین گول سے برابر تھا، پاکستان کی جانب سے رانا وحید اشرف ، زکریا حیات، احمد ندیم، محمد سفیان خان اور محمد عمار نے ایک ایک گول سکور کیا جبکہ ملائشیا کی جانب سے عبدالرؤف، احکم اللہ، فطری ساری نے ایک ایک گول سکور کیا۔پاکستان کی ٹورنامنٹ میں یہ مسلسل دوسری کامیابی ہے ، پاکستان 6پوائٹس کے ساتھ گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر ہے ۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی، ایڈہاک گورننس اینڈ مینجمنٹ چیئرمینز اولمپین اصلاح الدین صدیقی ، اولمپین حسن سردار، چیف سلیکٹر سمیع اللہ خان نے ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کے دوسرے میچ میں کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے ۔قومی ٹیم ورلڈ کپ کوالیفائر راؤنڈ کا تیسرا میچ چار مارچ کو آسٹریا کے خلاف کھیلے گی۔