ترسیلات میں9.4فیصد اضافہ، 3.20ارب ڈالر موصول
زیادہ رقوم سعودی عرب اورمتحدہ عرب امارات سے آئیں،اسٹیٹ بینک
کراچی(بزنس رپورٹر)نومبر 2025ء کے دوران بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 3 ارب 20 کروڑ ڈالر وطن بھیجے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 9.4 فیصد زیادہ جبکہ گزشتہ ماہ کے مقابلے میں 7 فیصد کم ہے ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال 26ء کے پہلے پانچ ماہ کے دوران ترسیلات زر کا مجموعی حجم 9.3 فیصد اضافے کے ساتھ 16 ارب 10 کروڑ ڈالر رہا جبکہ مالی سال کے ابتدائی چار مہینوں میں یہ وصولیاں 14 ارب 80 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئی تھیں۔اسٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ترسیلات زر کا سب سے بڑا حصہ سعودی عرب سے موصول ہوا جہاں سے نومبر 2025 کے دوران75کروڑ 30 لاکھ ڈالر پاکستان بھیجے گئے۔دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات رہا جہاں سے 67 کروڑ 50 لاکھ ڈالر ترسیلات زر موصول ہوئیں جبکہ برطانیہ سے 48 کروڑ 11 لاکھ ڈالر اور امریکا سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 27 کروڑ 71 لاکھ ڈالر پاکستان منتقل کئے گئے ۔