اسٹاک ایکسچینج:کاروباری ہفتے کا مثبت اختتام،104ارب منافع
1289پوائنٹس بڑھ کر100انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 69ہزار864 پر بند 482 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار،259میں اضافہ،180کی قیمتیں گرگئیں
کراچی(بزنس رپورٹر)حکومت اور آئی ایم ایف کے مابین مثبت مذاکرات، آئندہ شرح سود کو مستحکم رکھنے کے قوی امکانات ، گردشی قرضوں کی ادائیگیاں،عالمی تجارتی معاہدے ، تیل وگیس ذخائر کی نئی دریافت اور ریکوڈک منصوبے میں عالمی سرمایہ کاری اسٹاک ایکسچینج کو کاروباری ہفتے کے آخری روز تیزی کی جانب مائل کرگئی۔ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہا اور 100 انڈیکس نے آج ایک اور نیا ریکارڈ بنا ڈالا۔ کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا، دوران ٹریڈنگ 100 انڈیکس 1400 سے زائد پوائنٹس کی تیزی سے یومیہ 1 لاکھ 70 ہزار 52 پوائنٹس کی حد تک ٹریڈ ہوا ۔دن بھر کیمیکل، فارما ، کیبل، آئل اینڈگیس، فرٹیلائزر، آٹو اورکمیونی کیشن اسٹاکس میں ریل پیل رہی۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 1289پوائنٹس بڑھ کر تاریخ میں پہلی بار1 لاکھ 69ہزار864 پوائنٹس پربند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 495.07پوائنٹس کے اضافے سے 51670.42پوائنٹس،اورآل شیئرز انڈیکس 553.85پوائنٹس کے اضافے سے 102725.13 پوائنٹس پر بند ہوا۔اس دوران سرمایہ کاروں کو 104ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 19 ہزار 217 اب روپے سے بڑھ کر 19 ہزار 321 ارب روپے ہوگئی ۔کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 32.26فیصد کم رہا ۔گزشتہ روز 87کروڑ 30لاکھ 30ہزار 955 حصص کے سودے ہوئے ۔مجموعی طور پر 482 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 259 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 180 میں کمی اور 43 کمپنیوں کی شیئرز قیمتوں میں استحکام رہا۔