آئی سی ٹی برآمدی ترسیلات میں 18.5 فیصد کا نمایاں اضافہ
اسلام آباد(اے پی پی)مالی سال 2025-26 کے پہلے پانچ ماہ کے دوران پاکستان کی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی)برآمدی ترسیلات میں 18.5 فیصد نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد یہ تر سیلات 1.799 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔
ماہرین کے مطابق یہ اضافہ معیشت میں آئی سی ٹی شعبے کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور عالمی منڈی میں پاکستانی آئی ٹی خدمات کی بڑھتی ہوئی مانگ کا واضح ثبوت ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2025 کے دوران صرف آئی سی ٹی سروسز کی برآمدات 356 ملین ڈالر رہیں جبکہ اسی مدت میں اس شعبے نے 1.583 ارب امریکی ڈالر کا تجارتی سرپلس بھی ریکارڈ کیا۔ یہ کارکردگی دیگر برآمدی شعبوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر قرار دی جا رہی ہے اور اس امر کی عکاس ہے کہ آئی سی ٹی شعبہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔