ابھی نے کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری آسان اور سستی کردی
ابھی اور زگنالی اشتراک سے کرپٹو میں دس ڈالر سے سرمایہ کاری کی جاسکے گی
کراچی(بزنس ڈیسک)عالمی کرپٹو انوسٹمنٹ اور اثاثہ جات کے انتظام کے پلیٹ فارم زگنالی اور فن ٹیک ابھی نے ایک اشتراک کا اعلان کیا ہے جس کی ذریعے فن ٹیک ابھی چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو نئی مالیاتی خدمت فراہم ہوگی۔ ابھی کے جاری کردہ بیان کے مطابق شراکت داری کے ذریعے عالمی اسٹیبل کوائن میں سرمایہ کاروں کو کم سے کم 10 ڈالر سے بھی سرمایہ کاری کی سہولت دستیاب ہو جائے گی۔
پہلے مرحلے میں یہ سہولت متحدہ عرب امارات میں دستیاب ہوگی جسے بعد ازاں خطے کے دیگر ملکوں تک توسیع دی جائے گی۔ یہ پروڈکٹ آن چین لیکوڈٹی اور حقیقی معاشی سرگرمیوں سے منسلک کرتی ہے۔ اس کے ذریعے ابھی زگنالی کے 6 لاکھ 50 ہزار سے زائد صارفین سے حاصل کردہ اسٹیبل کوائن سرمائے کو استعمال کرتے ہوئے چھوٹے کاروبار کی قلیل مدتی مالی ضروریات کو پورا کرے گا۔ سرمایہ کاروں کو حقیقی دنیا کے انوائسز اور ورکنگ کیپٹل کی فنانسنگ سے حاصل ہونے والے منافع تک رسائی ملے گی۔
ابھی مڈل ایسٹ لمیٹڈ کے شریک بانی اور سی ای او عمیر انصاری کا کہنا تھا کہ فنانس کا مستقبل ٹوکنیشن میں ہے ۔ زگ چین کے ساتھ شراکت داری مشرق وسطی کے خطے میں مالیاتی رسائی آسان کرنے کا حصہ ہے ۔ اسٹیبل کوائن کے ذریعے قرض کی فراہمی سے ہم کاروباروں کے لیے لیکویڈٹی کا ایک بالکل نیا راستہ کھول رہے ہیں۔ زگ چین کے شریک بانی عبدالرافع گڈیت کا کہنا تھا کہ یہ اشتراک ایک اہم سنگِ میل ہے ۔ ابھی جیسے اداروں کو عالمی آن چین لیکویڈٹی سے جوڑا جارہا ہے ۔