آن لائن فراڈ کرنے والوں کی گردن سی سی ڈی دبوچے گی
وارداتوں میں بے تحاشا اضافے کے بعد اختیارات تفویض کرنے کاحکومتی فیصلہ منظم گروہ شارٹ ٹرم اغوا برائے تاوان میں بھی ملوث،مقدمات درج نہیں ہوتے
لاہور (آئی این پی)آن لائن اور الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے والوں کی گردن سی سی ڈی دبوچے گی، کارروائی کا اختیار اسے تفویض کیا جا رہا ہے ۔حکومت پنجاب سی سی ڈی کو آن لائن اور الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے عوام کو لوٹنے والے منظم گروہوں کیخلاف کارروائی کا ٹاسک سونپ رہی ہے ، فیصلہ آن لائن اور الیکٹرانک ڈیوائسز کے ذریعے معصوم شہریوں کو لوٹنے کی وارداتوں میں بے تحاشا اضافے کے پیش نظر کیا جا رہا ہے ۔ معصوم شہری آن لائن وارداتوں کے ذریعے زندگی بھر کی کمائی سے محروم ہو جاتے ہیں، تنخواہ دار اور کاروباری طبقہ ان ملزمان کا آسان ہدف ہیں، یہ ملزمان بینظیر انکم سپورٹ سے رقم حاصل کرنے والوں کو بھی لوٹ لیتے ہیں۔ جبکہ شارٹ ٹرم اغوا برائے تاوان کی کارروائیاں بھی کرتے ہیں، مگر ان کے خلاف مقدمات کا اندراج نہیں ہوتا، سی سی ڈی عوام کی جمع پونجی لوٹنے والے ان ملزمان کے خلاف بھرپور ایکشن لے گی۔ واضح رہے کہ آن لائن وارداتوں کے ذریعے ان ملزمان نے اربوں روپے کے اثاثے بھی بنا رکھے ہیں، آن لائن فراڈ کرنے والے منظم جرائم پیشہ افراد کی جائیدادوں کی قرقی کے لیے بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔ حکومت پنجاب نے یہ فیصلہ منشیات فروشوں کے خلاف سی سی ڈی کے حالیہ تاریخی آپریشن کی کامیابی کے بعد کیا ہے۔