ایف بی آر کی کلوز مانیٹرنگ پر برآمدکنندگان میں تشویش
پالیسی تعاون پر مبنی،سخت کارروائی کاکوئی ارادہ نہیں،چیئرمین ایف بی آر
کراچی(بزنس رپورٹر)ایف بی آرکی جانب سے بڑے برآمدکنندگان کی کلوز مانیٹرنگ سے متعلق جاری کردہ حالیہ سرکلر نے ملک کے برآمدی شعبے میں تشویش کی لہر دوڑا دی تھی۔وفاقی چیمبر کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے دنیا نیوز کو بتایا کہ اس نوعیت کی سخت مانیٹرنگ نہ صرف برآمدکنندگان کیلئے ذہنی دباؤ کا باعث بن سکتی بلکہ پہلے سے دباؤ کا شکار برآمدی ماحول میں غیر یقینی صورتحال کو بھی جنم دے سکتی ہے ،اس معاملے پر ایف پی سی سی آئی کی جانب سے شدید تحفظات سامنے آئے جس کے بعد چیئرمین ایف بی آر سے براہِ راست رابطہ کرکے کاروباری برادری کے خدشات ان تک پہنچائے گئے ۔ چیئرمین ایف بی آر نے واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ مذکورہ سرکلر کا مقصد برآمدکنندہ کو نشانہ بنانا نہیں، ایف بی آر کی پالیسی تعاون پر مبنی ہے اور برآمدکنندگان کے خلاف سخت، انتقامی یا بلاجواز کارروائی کا ارادہ نہیں۔