عالمی منڈی کے اثرات، چاندی 106، سونا 4700روپے سستا
24قیراط سونا 4لاکھ 55ہزار 562، چاندی 7ہزار 756روپے فی تولہ پر آگئے
کراچی (کامرس رپورٹر)عالمی منڈی میں گراوٹ کے اثرات مقامی صرافہ بازاروں تک منتقل ہونے کے بعد ملک بھر میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ، آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 700 روپے کی بڑی کمی واقع ہوئی، جس کے بعد سونا 4 لاکھ 55 ہزار 562 روپے فی تولہ پر آ گیا۔ اس کے علاوہ 10 گرام سونے کی قیمت بھی 4 ہزار 30 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 90 ہزار 570 روپے کی سطح پر پہنچ گئی، جس سے زیورات کی خریداری اور سرمایہ کاری کرنے والوں کو وقتی ریلیف ملا ہے ، اسی طرح چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی جہاں 24 قیراط فی تولہ چاندی 106 روپے سستی ہو کر 7 ہزار 756 روپے فی تولہ میں فروخت ہونے لگی۔ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی قیمتی دھاتوں پر دباؤ دیکھا گیا، اعدادوشمار کے مطابق انٹرنیشنل مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 47 ڈالر کمی کے بعد 4 ہزار 332 ڈالر پر آگئی، جس کا براہِ راست اثر مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کی گراوٹ کی صورت میں سامنے آیا۔