دنیا بھر میں آج کشمیریوں کا یوم حق خودار ادیت،اقوام متحدہ مسئلہ حل کرائے:صدر وزیراعظم

دنیا  بھر میں آج کشمیریوں کا یوم حق خودار ادیت،اقوام متحدہ مسئلہ حل کرائے:صدر وزیراعظم

حریت کانفرنس کی اپیل پر مظاہرے ، ریلیاں، سیمینارز، پروگرامز ہونگے ، تنازع کشمیری عوام کی خواہشات سے جڑا:زرداری بھارت کے یکطرفہ اقدامات نے کشمیریوں کی مشکلات بڑھا دیں ، عوام آٹھ دہائیوں سے مظالم کاشکار :شہباز شریف

 مظفرآباد، جموں، اسلام آباد ،( نیوز ایجنسیاں ، نامہ نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک)کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج(پیرکو)یوم حق خود ارادیت منائیں گے تاکہ عالمی برادری کو کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے اس کے وعدوں کی یاد دہانی کرائی جاسکے ۔اس دن کو منانے کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے کی ہے ۔اس دن مقبوضہ جموں وکشمیر،آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور دنیا بھرمیں احتجاجی مظاہرے ، ریلیاں، سیمینار اور دیگر پروگرام منعقد کیے جائیں گے تاکہ دنیا کی توجہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام استصواب رائے کا وعدہ پورا نہ ہونے کی وجہ سے کشمیری عوام کو درپیش مشکلات اورناانصافی کی طرف مبذول کرائی جائے ۔صدر مملکت آصف علی زر داری نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں زمینی صورتحال بدستور نہایت تشویشناک ہے ، اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر حل کرائے ،تنازع کشمیری عوام کی خواہشات سے جڑا ہوا ہے اور اسے طاقت یا یکطرفہ اقدامات کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا،اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف زرداری نے کہاکہ 5 جنوری کو پاکستان کے عوام، جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مل کر یومِ حقِ خود ارادیت مناتے ہیں،یہ دن 1949 میں اقوام متحدہ کی اس قرارداد کی منظوری کی یاد دلاتا ہے جس میں جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کی توثیق کی گئی اور جموں و کشمیرکے عوام کو آزاد اور غیر جانبدار استصوابِ رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق تسلیم کیا گیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ حقِ خودارادیت کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ آج جب ہم یومِ حقِ خودارادیت منا رہے ہیں تو ہم مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی حقِ خودارادیت کے لیے جاری جائز جدوجہد کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ ہزاروں کشمیری سیاسی قیدی آج بھی جیلوں میں ہیں جبکہ سولہ سیاسی جماعتوں،تنظیموں پر قابض حکام نے پابندی عائد کر رکھی ہے ۔عالمی برادری کو یہ حقیقت بھی تسلیم کرنی چاہیے کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ہی جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کی واحد راہ ہے ۔ ہم بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بھارت کو فوری طور پر جاری سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمے ، 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی واپسی، جابرانہ قوانین کے خاتمے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینے پر آمادہ کرے ۔اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان آپ کے جائز حق کے لیے اپنی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور ہر دستیاب عالمی فورم پر آپ کی آواز بنتا رہے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں