اسحاق ڈار کا دورہ چین،سی پیک سمیت شراکت داری مزید بڑھانے پر اتفاق
چینی ہم منصب کیساتھ سٹریٹجک ڈائیلاگ کا ساتواں دور،سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے لوگو کی نقاب کشائی اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ،تعاون کو نئی جہت دینے پر اتفاق ،بنگلہ دیش،ملائشیا،مصرکے ہم منصبوں سے ٹیلیفونک رابطے
اسلام آباد (وقائع نگار)نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کے دورہ چین کے موقع پر دونوں ملکوں میں سی پیک سمیت شراکت داری کو مزید بڑھانے پر اتفا ق کیا جبکہ پاک چین وزرائے خارجہ کے سٹریٹجک ڈائیلاگ میں پاک چین دوستی کو خطے اور دونوں ممالک میں امن، استحکام اور خوشحالی کیلئے ناگزیر قراردیا گیا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق بیجنگ میں پاک چین وزرائے خارجہ کے سٹریٹجک ڈائیلاگ کا ساتواں دور ہوا ،وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے چینی ہم منصب وانگ یی کیساتھ مشترکہ صدارت کی ،اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا گیا جبکہ علاقائی و عالمی سطح پر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، سی پیک، تجارت، کثیرالجہتی تعاون سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی گئی، دوطرفہ اور کثیرالجہتی فورمز پرقریبی رابطہ وہم آہنگی بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ شایانِ شان طریقے سے منانے پر اتفاق کیا، اس سلسلے میں سال بھر تقریبات ہوں گی ۔ اس موقع پر پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے لوگو کی نقاب کشائی کی گئی ۔
اسحاق ڈارنے بیجنگ میں چین کے ایگزیکٹو نائب وزیر اعظم ڈنگ زیزیانگ سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی تاریخی اہمیت کو نوٹ کیا اور اس سنگ میل کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت بڑھانے سمیت تعاون کے فروغ کیلئے مستقبل کے حوالے سے وژن کو چارٹ کرنے کیلئے استعمال کرنے پر اتفاق کیا۔ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شنگ سے ملاقات پاک چین اقتصادی راہداری(سی پیک)سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دینے پر اتفاق کیا ۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چین کے ایگزیکٹو نائب وزیراعظم ڈِنگ شوئے شیانگ سے بھی ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دینے پر اتفاق کیا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ محمد توحید حسین سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے ملائیشیا کے وزیرخارجہ محمد بن حاجی حسن کے ساتھ بھی ٹیلیفونک گفتگو کی اورحالیہ علاقائی پیش رفت بشمول ایشیا اور مشرقِ وسطی کی بدلتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ بعدازاں اسحاق ڈار اور مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ،دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا اور دو طرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانے کیلئے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔