پہلی بار نجی شعبے کو فیری سروس چلانے کا لائسنس جاری

پہلی بار نجی شعبے کو فیری سروس چلانے کا لائسنس جاری

لانچنگ 8جنوری کو ہوگی، سروس رواں ماہ سے شروع ہوگی،جنید انوار چوہدری ٹیکنالوجی کے بغیرسمندری معیشت میں پیچھے رہ جائیں گے ،وفاقی وزیر بحری امور

کراچی(بزنس رپورٹر)وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے بغیر پاکستان ماہی گیری اورسمندری معیشت کے عالمی مقابلے میں پیچھے رہ جائے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے فشنگ ٹیکنالوجی میوزیم کے افتتاح اور ماہی دوست ایپ کی سافٹ لانچنگ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ فشنگ ٹیکنالوجی میوزیم کو تحقیق، تعلیم اور پالیسی سازی کے ایک قومی مرکز کے طور پر تیار کیا گیا ہے ، جو بلیو اکانومی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ان کے مطابق یہ میوزیم جدید تحقیق، تربیت اور ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوگا جب کہ پائیدار ماہی گیری کے اہداف کے حصول میں بھی مدد فراہم کرے گا،

ماہی دوست ایپ ماہی گیری کے شعبے میں ڈیجیٹل ٹریس ایبلٹی کو یقینی بنائے گی جس سے غیر قانونی، غیر رپورٹ شدہ اور بے ضابطہ ماہی گیری کے خلاف مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے گی ۔دریں اثناوفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان سے پہلی بار فیری سروس کی سافٹ لانچنگ رواں ماہ 8 جنوری کو کی جائے گی۔ملکی تاریخ میں پہلی بار نجی شعبے کو فیری سروس چلانے کا پہلا لائسنس جاری کر دیا گیا ہے ۔  فیری سروس کے آغاز کیلئے ایران، عراق اور یمن کے سفیروں سے بھی رابطہ کیا جا چکا ہے جبکہ ان ممالک کی کمپنیاں لائسنس کے حصول کیلئے وزارت بحری امور سے رجوع کریں۔  پاکستان سے پہلی فیری سروس اسی ماہ شروع ہو جائے گی اور مستقبل میں دنیا کے تمام ممالک کے لیے سفر کیلئے فیری سروس کے لائسنس جاری کیے جائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں