اپوزیشن کیساتھ مذاکرات اور جمہوریت کو آگے بڑھانے کیلئے بالکل تیار ہیں: رانا ثناء اللہ
لاہور: (دنیا نیوز) مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور اور سینیٹر رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ اور جمہوریت کو آگے بڑھانے کیلئے بالکل تیار ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے پہلے بھی متعدد موقعوں پر کہا کہ فوج کا مینڈیٹ یہ نہیں کہ وہ سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرے، مذاکرات سیاسی پارٹیوں میں ہی ہوتے ہیں اور یہ انہی کا مینڈیٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ سیاسی ڈائیلاگ، جمہوریت کو آگے بڑھانے کیلئے بالکل تیار ہے، اب پی ٹی آئی کی صوابدید ہے کہ وہ ڈائیلاگ کرتی ہے یا نہیں، بانی پی ٹی آئی کہہ رہے ہیں وہ مذاکرات نہیں سٹریٹ موؤمنٹ چلانا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی 9 مئی، انارکی اور افراتفری چاہتے ہیں، ان کا ایجنڈا واضح ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی بانی کے کہنے پر ادھر اُدھر دوڑ رہے ہیں، پی ٹی آئی کی پہیہ جام ہڑتال بُری طرح ناکام ہوگی، عوام ان کی ہڑتال کو بُری طرح مسترد کریں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کے پی حکومت کا افغانستان کے حوالے سے مؤقف انتہائی غیر ذمہ دارانہ، قابل مذمت اور قومی مفادات کے خلاف ہے۔