بریڈ فورڈ کی مسجد میں پہلی بار معمر افراد کے لیے ورزش کا اہتمام، سب ورطہ حیرت میں گم
بریڈ فورڈ:(دنیا نیوز) برطانیہ کی بریڈ فورڈ کی جامع عثمانیہ مسجد میں ہر جمعرات کو 50 سال سے زائد عمر کے مردوں کے لیے مخصوص ورزش یعنی پائلٹس کے سیشنز کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر 2 ملین سے زائد ویوز حاصل کر لیے ہیں۔
مسجد کے سیکرٹری محمد الیاس نے بتایا کہ یہ کلاسز بوڑھوں کی صحت اور فلاح و بہبود بہتر بنانے کے لیے شروع کی گئی ہیں، مستقبل میں خواتین کے لیے بھی اسی طرح کے سیشنز متعارف کرانے کا ارادہ ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم واقعی حیران ہیں، یہ ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہو گئی ہے۔ ٹک ٹاک پر تقریباً 2 ملین ویوز اور فیس بک پر بھی کافی دیکھنے والوں کی تعداد ہے۔
ویڈیو کو دنیا بھر سے تبصرے موصول ہوئے، جن میں لوگ یہ جاننا چاہتے تھے کہ وہ اپنی مساجد میں بھی اس طرح کے کلاسز کیسے شروع کر سکتے ہیں۔
کلاسز کے انسٹرکٹر نے کہا کہ وہ مردوں کی صحت اور لچک بڑھانے کے لیے پرجوش ہیں، جوان مرد زیادہ تر باڈی بلڈنگ یا جسمانی صحت پر توجہ دیتے ہیں، لیکن عمر کے ساتھ مردوں کے لیے کم مواقع ہوتے ہیں، یہ کلاسز جسمانی، ذہنی اور روحانی فوائد فراہم کرتی ہیں۔
عبید خان، جنہوں نے جون 2024 میں دل کے ٹرانسپلانٹ کے بعد کلاسز میں شمولیت اختیار کی، نے کہا کہ یہ نہ صرف جسمانی بلکہ جذباتی طور پر بھی بہت مددگار ہے۔ میں نے نئے لوگوں سے ملاقات کی اور کچھ دوست بھی بن گئے ہیں۔
اس مسجد میں انسٹرکٹر ہر کسی کو کلاس میں شامل کرتا ہے اور کلاس کے بعد سب ایک ساتھ چائے، پھل اور بسکٹ کے ساتھ وقت گزارتے ہیں، یہ ایک گھنٹے کی ورزش گھر میں ٹی وی کے سامنے بیٹھنے سے کہیں زیادہ فائدہ مند ہے۔
دوسری جانب نمازیوں کا کہنا تھاکہ مسجد کو صرف نماز کے لیے نہیں بلکہ کمیونٹی ہب بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، نئے قریبی عمارت میں خواتین کے لیے کلاسز بھی متعارف کرائی جائیں گی۔