کراچی اوپن سکواش ٹورنامنٹ: افتتاحی دن پاکستانی کھلاڑیوں کے نام رہا

کراچی: (دنیا نیوز) رچ وینس کراچی اوپن اسکواش ٹورنامنٹ کے افتتاحی دن پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں نور زمان، ناصر اقبال اور اشعب عرفان نے اپنے اپنے مقابلے جیت کر اگلے مرحلے میں جگہ بنا لی۔

نور زمان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فرانس کے میلویل سیانی مانی کو 3-2 سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا، کرییک کلب کراچی میں کھیلے گئے میچ میں نور زمان نے پہلا گیم 11-9 سے جیتا، تاہم فرانسیسی کھلاڑی نے اگلے دو گیمز 12-10 اور 11-3 سے اپنے نام کیے۔

عالمی انڈر 23 چیمپئن نور زمان نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے چوتھا گیم 11-6 اور فیصلہ کن پانچواں گیم بھی 11-6 سے جیت کر مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ گیارہویں سیڈ نور زمان اب پری راؤنڈ 16 میں مصر کے فارس دیسوقی سے مقابلہ کریں گے، جو ٹورنامنٹ کے8ویں سیڈ اور عالمی رینکنگ میں 15 نمبر پر ہیں۔

ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا اپ سیٹ پاکستان کے وائلڈ کارڈ انٹری ناصر اقبال نے کیا، جو اس وقت عالمی رینکنگ میں 134 نمبر پر ہیں۔ ناصر اقبال نے ابتدائی دو گیمز ہارنے کے باوجود مصر کے عالمی نمبر 45مصطفیٰ السرٹی کے خلاف زبردست واپسی کی، مصری کھلاڑی نے پہلے دو گیمز 11-5 اور 11-8 سے جیتے، مگر ناصر اقبال نے اگلے تین گیمز 11-5، 11-9 اور 11-6 سے جیت کر پاکستان کی ایک اہم فتح اپنے نام کی۔

سٹیٹ آف دی آرٹ گلاس کورٹ پر اشعب عرفان نے جاپان کے ریونوسکے تسوکے کو باآسانی 3-0 سے شکست دی۔ اشعب عرفان نے میچ 11-4، 11-6 اور 11-9 سے جیتا۔ پری راؤنڈ 16 میں اشعب عرفان کا مقابلہ مصر کے ٹاپ سیڈ کریم گواد سے ہوگا۔

اشعب عرفان گزشتہ سال کے آخر میں مسلسل بین الاقوامی کامیابیوں کے بعد عالمی رینکنگ میں اپنے کیریئر کی بہترین 47 پوزیشن پر پہنچے تھے، جبکہ نور زمان نے بھی کینیڈا اور امریکا میں ٹائٹل جیت کر عالمی رینکنگ 37 تک رسائی حاصل کی۔

پاکستان کے دیگر تین کھلاڑی، جو وائلڈ کارڈ انٹری کے طور پر ٹورنامنٹ میں شریک تھے، اپنے اپنے مقابلے ہار کر ایونٹ سے باہر ہو گئے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں