فائزہ حسن کا صبا فیصل کے وائرل بیان پر ردعمل
لاہور: (ویب ڈیسک) سینئر پاکستانی اداکارہ فائزہ حسن نے اداکارہ صبا فیصل کے سسرالی رشتوں سے متعلق وائرل بیان پر اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے جوائنٹ فیملی سسٹم پر کھل کر بات کی۔
فائزہ حسن، جو طویل عرصے سے ٹیلی وژن اور فلم انڈسٹری سے وابستہ ہیں، حال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک مارننگ شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے صبا فیصل کے اس وائرل بیان پر گفتگو کی جس میں صبا فیصل نے کہا تھا کہ بہو کو سسرال میں سونے سے پہلے بھی اجازت لینی چاہیے۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے فائزہ حسن نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر صبا فیصل سے کبھی نہیں ملیں تاہم انہوں نے وائرل کلپ ضرور دیکھا ہے، انہوں نے ڈراموں میں اکثر زہریلے اور منفی کردار ادا کیے ہیں اور وہ سمجھتی تھیں کہ نند یا سسرالی مسائل جیسے کردار صرف فکشن تک محدود ہوتے ہیں مگر جب انہوں نے ایسے کردار نبھائے تو ناظرین کے پیغامات سے اندازہ ہوا کہ بہت سے لوگ ان کہانیوں سے خود کو جوڑ سکتے ہیں۔
فائزہ حسن نے مزید کہا کہ اب انہیں اس بات کا ادراک ہوا ہے کہ جوائنٹ فیملی سسٹم میں واقعی بہت سی ناانصافیاں ہوتی ہیں جو سراسر غلط ہیں، جوائنٹ فیملی سسٹم زہریلا ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ ہر رشتے کو ذاتی سپیس کی ضرورت ہوتی ہے جو اکثر ایسے نظام میں میسر نہیں آتی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کے نزدیک جوائنٹ فیملی سسٹم کا واحد فائدہ مالی بچت ہے، اس کے علاوہ وہ اسے ایک اچھا یا صحت مند نظام نہیں سمجھتیں۔