ای ایم آئی کی رائیلٹی ڈسٹری بیوشن تقریب، معروف موسیقاروں کی شرکت

لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور میں ای ایم آئی کی جانب سے رائیلٹی ڈسٹری بیوشن تقریب کا انعقاد ہوا، تقریب میں موسیقی اور شاعری کے شعبے سے وابستہ نامور فنکاروں کو ان کی تخلیقی خدمات کے اعتراف میں رائیلٹی کے چیکس تقسیم کیے گئے۔

تقریب کے دوران معروف موسیقار ایم اشرف، استاد طافو، استاد فرخ فتح علی خاں، ماسٹر عبداللّٰہ، خلیل احمد اور مقبول فرید صابری جبکہ ممتاز شعراء صہباء اختر، فیاض ہاشمی، جمیل الدین عالی اور خواجہ پرویز کو رائیلٹی کے چیکس دیے گئے جس پر حاضرین نے بھرپور تالیاں بجا کر ان عظیم فنکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر بادشاہِ غزل استاد غلام علی خاں، موسیقار ایم ارشد، میکال حسن، گلوکارہ شازیہ منظور، انور رفیع، تنویر آفریدی، روشان انور، عارف بٹ، ڈاکٹر سہیل اور پاکستان آئیڈل سے شہرت حاصل کرنے والے غلام قمبر، رومیسہ طارق، عارفہ صدیقی اور تعبیر علی سمیت شوبز اور موسیقی سے وابستہ کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

محفلِ موسیقی میں گلوکارہ شازیہ منظور نے اپنے مشہور گیت ’چن میرے مکھنا‘ پر آواز کا جادو جگا کر محفل کو چار چاند لگا دیے جبکہ تنویر آفریدی نے پاکستانی فلم کا معروف گیت گا کر سماعتوں میں رس گھول دیا۔

گنگناتے، جگمگاتے اور رس بھرے گیتوں سے سجی اس رنگا رنگ تقریب میں فنکاروں اور گلوکاروں نے ایک دوسرے کے ساتھ گھل مل کر موسیقی کی خوبصورت روایت کو زندہ رکھا اور یہ تقریب موسیقی کے شائقین کے لیے ایک یادگار لمحہ ثابت ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں