بھارت میں میچز نہ کھیلنے کا معاملہ: بنگلہ دیشی بورڈ آج آئی سی سی کو تحفظات سے آگاہ کریگا

ڈھاکہ: (دنیا نیوز) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں کھیلنے سے انکار کر دیا، بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ آج انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گا۔

ذرائع بی سی بی کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو گزشتہ رات گئے آئی سی سی کی جانب سے ای میل موصول ہوئی ہے، آئی سی سی کی یہ جوابی ای میل تھی جو بی سی بی نے اتوار کو کی تھی، آئی سی سی نے اپنی ای میل میں بنگلہ دیش سے ٹورنامنٹ کے حوالے سے سکیورٹی خدشات سے متعلق پوچھا ہے، آئی سی سی نے سکیورٹی خدشات کی نوعیت اور ان کی تفصیل کے حوالے سے استفسار کیا ہے۔

واضح رہے کہ بی سی بی نے سکیورٹی خدشات کے تحت ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے بھارت نہ جانے اور میچز بھارت سے باہر منتقل کرنے کا کہا تھا۔

ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے آئی سی سی سے ورچوئل میٹنگ کی خبر مسترد کر دی، بھارت جانے سے انکار پر پوائنٹس نہ ملنے کو بھی مسترد کر دیا ہے۔

اس سے قبل ویب سائٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی ٹی 20 ورلڈ کپ میچ بھارت سے منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کو میچز کیلئے بھارت جانا ہوگا، انڈیا نہ جانے کی صورت میں بنگلہ دیش کو پوائنٹس کھونا پڑیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں آئی پی ایل کی ٹیم کلکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلادیش کے فاسٹ باؤلر مستفیض الرحمان کو بھارتی ہندو انتہا سندوں کی دھمکیوں کے بعد لیگ سے باہر کر دیا تھا جس کے بعد دونوں کرکٹ بورڈز کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے ہنگامی اجلاس بلاتے ہوئے اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجنے کا اعلان کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں