پی ایس ایل ٹیموں کی نیلامی میں 5 امریکی کمپنیوں نے حصہ لیا: محسن نقوی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ آج کی نیلامی پی ایس ایل ،پی سی بی اور پاکستان کی کامیابی ہے، پی ایس ایل کی دو نئی ٹیموں کی نیلامی میں امریکہ سے پانچ کمپنیوں نے بھی حصہ لیا۔
پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کی کامیاب نیلامی کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دونوں ٹیموں کے نئے مالکان کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج کی نیلامی پی ایس ایل ،پی سی بی اور پاکستان کی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیلامی کے دوران انتہائی سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا، نیلامی میں شفافیت کا خاص خیال رکھا گیا، آج ہم سب کے لیے بطور پاکستانی بہت خوشی کا دن ہے، یہ پی سی بی اور پی سی بی ٹیم کی کامیابی ہے ۔
محسن نقوی نے کہاکہ اچھی بات یہ ہے کہ فواد سرور صاحب پاکستانی ہیں لیکن امریکہ میں شفٹ ہوئے۔ انکی محبت ہے پاکستان سے کہ پاکستان آئے ، اپنی ٹیم کو کریڈٹ دوں گا جنہوں نے وہاں روڈ شو کیے، آج کا دن ہم سب کے لیے بڑا خوشی کا دن ہے ۔
.jpg)
امریکی ناظم امور نیٹلی بیکر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کرکٹ میں امریکی شراکت کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی کرکٹ کے فروغ کی کاوشوں کو سراہتے ہیں ، پی ایس ایل میں آسٹریلیا ،پاکستان اور امریکا ایک ساتھ ہیں۔ مجھے بطور امریکی نمائندہ خوشی ہورہی ہے، پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری ہورہی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ آنے والا سرمایہ پاکستان میں کھیل پر خرچ ہوگا ، چار سے پانچ بڈرز میں امریکی کمپنیاں تھیں، امریکا کے ساتھ پاکستان میں سرمایہ کاری چل رہی ہے، وزیر اعظم، فیلڈمارشل اور قوم کو خوشی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج صرف نیلامی نہیں پاکستان پر بڑھتا اعتماد ہے ، پی ایس ایل صرف اکشن نہیں بلکے پاکستان میں سرمایہ کاری پر بھروسہ تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ اب موقع آگیا ہے کہ حیدر آباد اور سیالکوٹ میں سٹیڈیم بنائیں گے، پی ایس ایل میں ابھی 8 ٹیمیں ہیں ،ان ہی کو مستحکم کریں گے، تنقید کرنے والوں کو جواب نہیں دیتے ،کام کرکے دکھاتے ہیں،پی ایس ایل پہلے نقصان میں تھی اب نفع عوام کو دکھائیں گے،
ایف کے ایس کے مالک فواد سرور نے اس موقع پر کہا کہ بہت خوشی ہو رہی ہے، بچپن کے خواب کی تکمیل ہو رہی ہے، بہت خوش ہوں، اپنی ٹیم کا مشکور ہوں، یہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو بھی مضبوط بنائے گا ۔
او زی گروپ کے مالک حمزہ مجید نے اس موقع پر کہا کہ کرکٹ ہمارے خون میں بہتی ہے، سیالکوٹ کے پاس ائیرپورٹ تو تھا اب کرکٹ ٹیم بھی آ گئی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم انشاء اللہ پی ایس ایل 11 جیتنے کی کوشش کریں گے۔