اسٹاک ایکسچینج :تاریخ ساز دن،1لاکھ83ہزارکی حد عبور

 اسٹاک ایکسچینج :تاریخ ساز دن،1لاکھ83ہزارکی حد عبور

3373 پوائنٹس بڑھ 100انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 82 ہزار 408 پربند ہوا 300ارب منافع،رواں ماہ 1لاکھ 90ہزارکی تاریخی حدعبورہوسکتی:غنی عثمان

کراچی(رپورٹ :حمزہ گیلانی)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100انڈیکس نے کاروباری ہفتے کے پہلے روزتیزی کا تسلسل نہ صرف بحال رکھا بلکہ تاریخ میں نئے ہندسوں کا اندراج بھی کرڈالا ۔ اسٹاک ایکسچینج میں 100انڈیکس کی شانداررفتار پورا دن ریکارڈ پر ریکارڈ بناتی رہی۔ مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز 500 پوائنٹس کے اضافے سے 1 لاکھ 79 ہزار 535 پوائنٹس کی نفسیاتی حد سے ہوا۔ اسکے بعد بینچ مارک 100 انڈیکس نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور اپنے ہی سابقہ تمام ریکارڈز توڑ کر نئے ریکارڈز بناڈالے ۔ دوران ٹریڈنگ100انڈیکس ایک لاکھ 80ہزار،ایک لاکھ81ہزار،ایک لاکھ 82ہزار اور پھر ایک لاکھ 83 ہزارکا نیا سنگ میل عبور کرگیا،ایک موقع پر 100انڈیکس تاریخ میں پہلی بار برق انداز میں 4 ہزار 929 پوائنٹس کی تیزی سے 1 لاکھ 83 ہزار 964 پوائنٹس کی ریکارڈ حد تک ٹریڈ ہوا، تاہم ریکارڈ تیزی کی برق رفتار میں معمولی نوعیت کی کمی واقع ہوئی۔ دوسری جانب اسٹاک ایکسچینج میں نئے سرمایہ کاروں کی بڑے پیمانے پر آمد اور میوچل فنڈز کی جانب سے 85 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا تسلسل اسٹاک ایکسچینج کو ریکارڈ پلس کرگیا۔ اسکے علاوہ آذربائیجان کا مستقبل قریب میں پاکستان کے مختلف شعبوں میں تقریبا 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری کا منصوبہ ، وزارت بحری امور کا دنیا بھر میں بحری سفر کیلئے فیری سروس کا اعلان ،آئندہ ملکی شرح سود میں کمی کی توقعات، مہنگائی کی شرح میں گراوٹ اور حکومتی اصلاحات بھی اسٹاک سرمایہ کاروں کو تقویت فراہم کرگئی۔

کاروبار کے اختتام پر100انڈیکس 3373 پوائنٹس بڑھ کرملکی تاریخ میں پہلی بار 1 لاکھ 82 ہزار 408 پوائنٹس کی ریکارڈ حد پر بند ہوا ۔اسی طرح کے ایس ای 30 انڈیکس 1132 پوائنٹس بڑھ کر 56150.40 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 1578 پوائنٹس کے اضافے سے 108970.93 پوائنٹس پر بند ہوا ۔اس دوران سرمایہ کاروں کو 300ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم بڑھ کر 20 ہزار 509 ارب روپے سے تجاوز کرگیا ۔دنیانیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے اسٹاک مارکیٹ کے سابق نائب صدر غنی عثمان نے بتایا کہ ملکی معاشی اعدادوشمار میں مسلسل بہتری ، امن و امان کی بہتر صورتحال،عسکری مضبوطی، سفارتی کامیابیاں ،خلیجی سرمایہ کاری ، ریکوڈک منصوبہ اور اسٹاک مارکیٹ میں نئی سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ کاری کا مسلسل بڑھنا رواں ماہ 100 انڈیکس کو 1لاکھ 90 ہزار پوائنٹس کانیا تاریخی سنگ میل عبورکرواسکتا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں