اسٹاک ایکسچینج میں مندی، انڈیکس 1لاکھ 85 ہزار پوائنٹ سے گرگیا

اسٹاک ایکسچینج میں مندی، انڈیکس 1لاکھ 85 ہزار پوائنٹ سے گرگیا

سیاسی ہلچل، عالمی کشیدگی مارکیٹ پراثرا انداز، 56.10 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں مارکیٹ میں پرافٹ ٹیکنگ کارجحان غالب، سرمایہ کاروں کو94 ارب 34 کروڑ نقصان

کراچی(کامرس رپورٹر)سیاسی ہلچل، عالمی کشیدگی، 100 ارب روپے سے زائد کی بھاری لیورج شیئرز ادائیگیوں سے اسٹاک مارکیٹ دوران ٹریڈنگ شدید دباؤ کا شکار رہی، کاروباری ہفتے کے آخری روز بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس کی 1لاکھ 85ہزار پوائنٹس کی سطح بھی گرگئی۔ مندی کے سبب 56.10 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں، جبکہ سرمایہ کاروں کو 94 ارب 34کروڑ 29لاکھ 83ہزار 467 روپے کا نقصان ہوا، کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا، تاہم ایک موقع پر 637 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس 1لاکھ 86ہزارپوائنٹس کی سطح عبور کرگیا تھا، لیکن مسلسل ریکارڈ تیزی کے نتیجے میں مارکیٹ میں پرافٹ ٹیکنگ کا رجحان غالب آیا اور حصص کی آف لوڈنگ کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی ، جس سے ایک موقع پر 1842پوائنٹس کی مندی سے انڈیکس کی 1لاکھ 84 ہزارپوائنٹس کی سطح بھی گرگئی تھی، تاہم اختتامی لمحات میں نچلی قیمتوں پر دوبارہ حصص کی خریداری بڑھنے سے مندی کی شدت میں کمی ہوئی نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1133.34پوائنٹس کی کمی سے 184409.67 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا،کے ایس ای 30انڈیکس 404.12 پوائنٹس کی کمی سے 56593.88  پوائنٹس، کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 501.36 پوائنٹس کی کمی سے 110382.58 پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 2263.77پوائنٹس کی کمی سے 259208.41 پوائنٹس پر بند ہوا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت 28فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 1ارب 03کروڑ 38لاکھ 52ہزار 473 حصص کے سودے ہوئے ، جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار 483 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں