سونے سے 3گھنٹے پہلے کھانا چھوڑنے سے شوگر میں بہتری
نیو یارک(نیٹ نیوز)نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ سونے سے کم از کم 3 گھنٹے پہلے کھانا بند کرنے سے بلڈ پریشر اور خون میں شوگر کی سطح بہتر ہو سکتی ہے جس سے دل اور میٹابولزم نظام پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
یہ تحقیق امریکا کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی کے ماہرین نے کی ہے ۔تحقیق کی مرکزی مصنفہ ڈاکٹر ڈینیلا گریمالڈی کے مطابق کھانے اور نیند کے اوقات کو جسم کی قدرتی حیاتیاتی گھڑی کے مطابق رکھنے سے دل، نیند اور میٹابولزم کے درمیان ہم آہنگی بہتر ہوتی ہے ۔شریک مصنفہ ڈاکٹر فِلِس زی نے بتایا کہ صحت کے فوائد صرف کھانے کی مقدار یا نوعیت سے نہیں بلکہ اس کے وقت سے بھی جڑے ہوتے ہیں۔ تحقیق کے دوران رضاکاروں میں رات کے وقت بلڈ پریشر میں تقریباً 3.5 فیصد اور دل کی دھڑکن میں 5 فیصد کمی جبکہ انسولین کی کارکردگی میں بہتری دیکھی گئی۔