وزیراعظم آزاد کشمیر کا کراچی چیمبر کا دورہ، تاجروں سے ملاقات
فیصل ممتاز کا آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے فروغ، صنعتی ترقی پر تبادلہ خیال کیا صدر ایف پی سی سی آئی کی توانائی، سیاحت ودیگر میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی
کراچی(کامرس رپورٹر)وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مرکزی دفتر کراچی کا اہم دورہ کیاجہاں انہوں نے کاروباری برادری کے نمائندوں سے ملاقات کی اور آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری، صنعتی ترقی، معاشی استحکام پر تبادلہ خیال کیا۔ فیڈریشن ہاؤس آمد پر صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔ اس موقع پر عاطف اکرام شیخ نے کہا کہ پاکستان کی کاروباری برادری آزاد کشمیر کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے، انہوں نے آزاد کشمیر میں صنعت، تجارت، زراعت، توانائی اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کاروباری طبقہ حکومت آزاد کشمیر کے شانہ بشانہ کھڑا ہے تاکہ خطے کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کیا جا سکے۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کاروباری برادری کے تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے تحت تمام سہولیات فراہم کریگی، تاکہ سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں قدرتی وسائل،ہنرمند افرادی قوت اور سیاحت کے بے پناہ مواقع ہیں، ایڈوائزر سردار فہد یعقوب نے آزاد کشمیر میں انڈسٹری اور ٹورازم سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا صنعتی زونز، سیاحتی منصوبوں میں نجی شعبے کی شمولیت سے روزگار مواقع پیدا ہونگے ۔