اسٹاک ایکسچینج ،مندی ،انڈیکس 1381پوائنٹس گنوابیٹھا
کراچی (دنیا نیوز)اسٹاک ایکسچینج میں بدھ کو مندی رہی ۔کے ایس ای 100انڈیکس 1300 سے زائد پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 82ہزار کی نفسیاتی حد گنوابیٹھا۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبارکا آغاز منفی زون میں ہوا۔
مسلسل فروخت کے دباؤ کے باعث پورے سیشن کے دوران شدید مندی ریکارڈ کی گئی،دن کے دوسرے نصف حصے میں، مارکیٹ نچلی سطح پر رینج میں محدود رہی ، انڈیکس کی یومیہ بلند سطح 1 لاکھ 84 ہزار 726 اوریومیہ کم ترین سطح 1 لاکھ 82 ہزار 369 رہی۔ کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 1381 پوائنٹس کمی سے 1 لاکھ 82 ہزار 569 پوائنٹس کی حد پر بند ہوا۔اسی طرح کے ایس ای 30اورآل شیئرزانڈیکس میں بھی مندی رہی۔ گزشتہ روز65 ارب روپے مالیت کے 1 ارب سے زائد شیئرز کا لین دین ہوا۔مجموعی طور پر 483 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 90 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ، 352 میں کمی اور 41 میں استحکام رہا۔