پاکستان سمیت75ممالک کیلئے امریکی امیگرنٹ ویزے بند:21جنوری سے عملدر آمد وزیٹر ویزوں پر پابندی نہیں ہوگی

پاکستان سمیت75ممالک کیلئے امریکی امیگرنٹ ویزے بند:21جنوری سے  عملدر آمد وزیٹر ویزوں پر  پابندی  نہیں ہوگی

ایران ،عراق ، مصر،روس، افغانستان، برازیل ،نائجیریا ،البانیہ، الجزائر، آرمینیا، آذربائیجان،بنگلہ دیش، کرغزستان، بیلاروس، کویت،اردن،شام،بھوٹان و دیگر ممالک فہرست میں شامل یہ فیصلہ قومی سلامتی پروگرام ،امیگریشن پالیسی کے تحت کیا گیا، فلاحی سہولیات پر انحصار کرنیوالوں کا داخلہ روکا جائیگا، تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی:ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

واشنگٹن(نیوز ایجنسیاں،دنیا مانیٹرنگ) پاکستان سمیت 75 ممالک کیلئے امریکی امیگرنٹ ویزے بند کر دئیے گئے ۔یہ پابندی صرف امیگرنٹ ویزوں پر لاگو ہوگی، جیسے ملازمت کے لیے یا اہل خانہ سے ملنے کے ویزے جبکہ سٹوڈنٹ اور سیاحتی ویزے اس میں شامل نہیں ہیں، اس لیے اس کا اثر اس سال امریکا میں ہونے والے ورلڈ کپ کے سفر پر نہیں پڑے گا۔امریکی حکام کے مطابق یہ معطلی 21 جنوری سے نافذ العمل ہوگی۔ محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے بدھ کو اپنے بیان میں کہامحکمہ خارجہ اپنی طویل عرصے کی اتھارٹی استعمال کرے گا تاکہ ایسے ممکنہ امیگرنٹس کو نااہل قرار دیا جائے جو امریکا میں فلاحی سہولیات پر انحصار کریں اور امریکی عوام کی سخاوت کا غلط فائدہ اٹھائیں۔محکمہ خارجہ اپنے طریقہ کار کا ازسرنو جائزہ لے گا تاکہ ایسے غیر ملکی شہری امریکا میں داخل نہ ہوں جو ویلفیئر یا دیگر پبلک فوائد حاصل کریں۔پیگوٹ نے بتایا کہ ویزا پراسیسنگ کی معطلی سے متاثر ہونے والے کئی ممالک پہلے ہی توسیع شدہ سفری پابندی کی فہرست میں شامل تھے ۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا یہ فیصلہ نئے قومی سلامتی پروگرام اور امیگریشن پالیسی کے تحت کیا گیا ہے ۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ویزا پابندی کے دورانیے اور اس کے ممکنہ اثرات سے متعلق آئندہ تفصیلی ہدایات جاری کی جائیں گی جبکہ متاثرہ افراد کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اضافی اقدامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے ۔ایک امریکی اہلکار کے مطابق تارکین وطن کے ویزے کی کارروائی کی معطلی سے متاثر ہونے والے ممالک میں افغانستان، البانیا، الجزائر، انٹیگوا اینڈباربوڈا ، آرمینیا، آذربائیجان، بہاماس، بنگلہ دیش، بارباڈوس، بیلاروس، بیلیز، بھوٹان، بوسنیا، برازیل، برما، کمبوڈیا، کیمرون، کیپ وردے ، کولمبیا، کوٹ ڈی آئیوری، کیوبا، کانگو ،ڈومینیکا، مصر، اریٹیریا، ایتھوپیا، فجی، گیمبیا، جارجیا، گھانا، گرینیڈا، گوئٹے مالا، گنی، ہیٹی، ایران، عراق، جمیکا، اردن، قزاقستان، کوسوو، کویت، کرغزستان، لاؤس، لبنان، لائبیریا، لیبیا، مقدونیہ، مالڈووا، منگولیا، مونٹی نیگرو، مراکش، نیپال، نکاراگوا، نائجیریا، پاکستان، روس، روانڈا، سینٹ کٹس اینڈ نیویس، سینٹ لوسیا، سینٹ ونسنٹ اور گریناڈائنز، سینیگال، سیرا لیون، صومالیہ، جنوبی سوڈان، سوڈان، شام، تنزانیہ، تھائی لینڈ، ٹوگو، تیونس، یوگنڈا، یوراگوئے ، ازبکستان اور یمن شامل ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں