نواز شریف آئی ٹی سٹی میں بہترین غیر ملکی ادارے کیمپس قائم کررہے ہیں :وزیراعلیٰ پنجاب
ہر بیٹی ارفع کریم بنے گی، اس نے مائیکروسافٹ سرٹیفکیشن سے آغاز کیا جسے عروج پر لیکر جائیں گے راولپنڈی میں کتے کے کاٹنے پر نوٹس،رپورٹ طلب، غفلت برتنے والوں کیخلاف کارروائی کا حکم
لاہور (سٹاف رپورٹر )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آئی ٹی کی فیلڈ میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی صدارتی ایوارڈ یافتہ ارفع کریم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ نے دنیا کی سب سے کم عمر پاکستان کی مائیکروسافٹ پرو فیشنل ارفع کریم کی 14ویں برسی پراپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نو سال کی عمر میں دنیا کی سب سے کم عمر مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل بننے والی ارفع کریم پنجاب کی ہر بیٹی کیلئے مثال ہے ۔پاکستان کی ہونہار اور ذہین ترین بیٹی ارفع کریم کوتادیر یاد رکھا جائے گا۔ ارفع کریم پاکستان کی قابل فخر اور باعث ناز بیٹی تھی۔ارفع کریم کی طرح پنجاب کے بیٹے اوربیٹوں کو آئی ٹی کے میدان میں مواقع فراہم کرنے کیلئے نواز شریف آئی ٹی سٹی پراجیکٹ لانچ کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی کے آغاز سے پنجاب کی ہر بیٹی ارفع کریم بنے گی۔ نواز شریف آئی ٹی سٹی میں بہترین غیر ملکی ادارے کیمپس قائم کررہے ہیں۔ ارفع کریم نے مائیکروسافٹ سرٹیفکیشن سے آغاز کیا جسے عروج پر لیکر جائیں گے ۔وزیراعلیٰ نے راولپنڈی میں بڑھتے ہوئے کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر نجی چینل پر چلنے والی خبر کا نوٹس لے لیا ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی اور غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے راولپنڈی کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں کتے کے کاٹنے والی ویکسین کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت سب سے مقدم اور ذمہ داری ہے ۔