اسٹاک ایکسچینج :مندی ،انڈیکس1لاکھ 82ہزارکی حد گنوابیٹھا
فروخت کا دباؤ،1113پوائنٹس کی کمی سے انڈیکس 181,456پر بند
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو مندی کا رجحان رہا۔کے ایس ای 100انڈیکس 1100 سے زائد پوائنٹس کی کمی سے ایک لاکھ 82ہزار کی نفسیاتی حد گنوابیٹھا۔تفصیلات کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 100 انڈیکس 183,717.53 پوائنٹس کی بلند سطح پر جاپہنچا۔بعدازاں فروخت کے دباؤ کے باعث تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور انڈیکس دن کی کم ترین سطح 180,783.62 پوائنٹس پر آگیا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1,113.48 پوائنٹس کی کمی سے 181,456.33 پر بند ہوا۔
مجموعی طورپر 482 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جس میں سے 150 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،289میں کمی اور 43 میں استحکام رہا۔بروکریج ہاؤس عارف حبیب لمیٹڈ کے ڈپٹی ہیڈ آف ٹریڈنگ علی نجیب نے کہا ہے کہ مارکیٹ کا رجحان دباؤ میں رہا کیونکہ بڑھتی ہوئی جیوپولیٹیکل کشیدگی نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو دھندلا دیا۔ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی غیر یقینی صورتحال نے شرکاء کو محتاط رہنے پر مجبور کر دیاہے۔