کراچی چیمبر کا اجلاس،گل پلازہ فائر انسیڈنٹ کمیٹی قائم
ہزار سے زائد دکانیں تباہ، حکومت بحالی پیکیج کا اعلان کرے ،ریحان حنیف
کراچی(بزنس رپورٹر)کراچی چیمبر میں اتوار کو ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں امدادی سرگرمیوں کی ہم آہنگی، نقصانات کے تعین اور متاثرہ تاجروں کی بحالی و معاوضے کیلئے حکومت سے باضابطہ اپیل کرنے کے مقصد سے گل پلازہ فائر انسیڈنٹ کمیٹی کے قیام کا اعلان کیا گیا ۔یہ کمیٹی چیئرمین بزنس مین گروپ زبیر موتی والا کی ہدایت پر قائم کی گئی جس کی مشترکہ صدارت وائس چیئرمین بی ایم جی جاوید بلوانی اور صدر کے سی سی آئی ریحان حنیف کر رہے ہیں ۔ سانحے پرگہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بی ایم جی اور کے سی سی آئی کی قیادت نے جاں بحق ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور اُن تاجروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا جن کی دکانیں، سامان اور زندگی بھر کی جمع پونجی جل کر خاکستر ہو گئی۔انہوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے فوری بعد چیمبر مسلسل سندھ حکومت کے ساتھ رابطے میں رہا ۔ گل پلازہ فائر انسیڈنٹ کمیٹی کی بنیادی ذمہ داری زخمیوں کو مناسب طبی سہولیات کی فراہمی اور جاں بحق افراد کے لواحقین کی خصوصی دیکھ بھال کو یقینی بنانا ہے ۔
کمیٹی فوری ریلیف اقدامات پر بھی غور کر رہی ہے ۔ ابتدائی اندازوں کے مطابق ایک ہزار سے زائد چھوٹی اور درمیانی سطح کی دکانیں مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں جس کے باعث تاجروں کو شدید مالی نقصانات کا سامنا ہے اور ان میں سے بہت سے افراد اپنی واحد ذریعہ معاش سے محروم ہو گئے ہیں۔کے سی سی آئی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں بالخصوص صدرِ آصف زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس نیک مقصد کے لیے کے سی سی آئی کے ساتھ مل کر متاثرہ دکانداروں کے لیے خصوصی معاوضہ اور بحالی پیکیج کے اعلان پر ہمدردانہ غور کریں۔