یو بی ایل اور جاز میں 75 ارب کا انٹرسٹ ریٹ سوَیپ طے
کیش فلو کی پیش بینی بہتر ، مالی رسک مینجمنٹ کا نظام مزید مضبوط ہو گا
کراچی (بزنس ڈیسک)یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل)نے جاز کے ساتھ 75 ارب روپے کا انٹرسٹ ریٹ سوَیپ کامیابی سے مکمل کر لیا جو پاکستان کی تاریخ کا اب تک کا سب سے بڑا انٹرسٹ ریٹ سوَیپ معاہدہ ہے ۔لین دین کے ذریعے جاز کو اپنی طویل مدتی مقامی کرنسی قرضہ جات پر شرحِ سود کے خطرات سے بچاؤ (ہیجنگ)کی سہولت حاصل ہو گی جس سے کیش فلو کی پیش بینی بہتر اور مالی رسک مینجمنٹ کا نظام مزید مضبوط ہو گا۔
معاہدے کی دستخطی تقریب کے مہمانِ خصوصی گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد تھے ۔ تقریب سے یو بی ایل کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید اقبال، جاز کے چیف ایگزیکٹو آفیسرعامر ابراہیم، ویون لمیٹڈ کے گروپ چیف فنانشل آفیسر بُراک اوزر اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو و جنرل سیکریٹری منیر کمال نے بھی خطاب کیا۔ جاوید اقبال نے کہا کہ یہ تاریخی انٹرسٹ ریٹ سوَیپ لین دین پاکستان میں انٹرسٹ ریٹ سوَیپ اور ڈیریویٹو مارکیٹ کی ترقی کے لیے راہ ہموار کرے گا۔