ٹی سی پی کو ایکسپورٹ پاور ہاؤس بنانے کا فیصلہ

ٹی سی پی کو ایکسپورٹ پاور ہاؤس بنانے کا فیصلہ

پانچ سال میں5ارب ڈالر برآمدات کا ٹارگٹ سیٹ ،عاصم عزیز صدیقی رواں سال ایک ارب ڈالر کی برآمدات کریں گے ، چیئرمین کی دنیاسے گفتگو

کراچی(رپورٹ :حمزہ گیلانی)وفاقی حکومت نے برآمدات میں اضافے اورقیمتی زرمبادلہ کے حصول کیلئے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان(ٹی سی پی )کو  اسٹریٹجک مینڈیٹ سونپ دیا ہے جس کے تحت ٹی سی پی اب بین الاقوامی ٹریڈنگ کمپنی کی طرز پرکام کریگا اور دنیا بھر کے سرکاری اداروں کے ساتھ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ بنیادوں پر اجناس اور فارماسیوٹیکل مصنوعات برآمد کرے گا۔چیئرمین ٹی سی پی عاصم عزیز صدیقی نے دنیا  کو انٹرویو دیتے ہوئے اعلان کیا کہ ادارے نے آئندہ پانچ برسوں میں 5 ارب ڈالر کی برآمدات کا ہدف مقرر کرلیا جبکہ وزارتِ تجارت اور وزارتِ غذائی تحفظ کے ساتھ مل کر سال 2026 میں 1 ارب ڈالر کی زرعی برآمدات کے ہدف پر بھی اتفاق کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اب ٹی سی پی کا کردار صرف درآمدی یا زرعی قیمتوں کے تعین تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ادارہ براہِ راست ملک کیلئے ڈالر کمانے پر خصوصی فوکس کرے گا ۔ ٹی سی پی آئندہ چینی، گندم، چاول اور یوریا کی قیمتوں کا تعین نہیں کرے گا جبکہ حکومت جلد ہی چینی کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے جارہی ہے ۔عاصم عزیز صدیقی کا کہنا تھا کہ فلپائن کی حکومت کے ساتھ لاکھوں ٹن پاکستانی چاول کی برآمدات کا مربوط منصوبہ شیئر کر دیا گیا ہے ۔چیئرمین ٹی سی پی کے مطابق اجناس اور ادویات کی برآمدات سپلائی اینڈ ڈیمانڈ اور اوپن مارکیٹ مکینزم کے تحت ہوں گی، تاکہ عالمی منڈی میں مسابقت برقرار رکھی جا سکے ۔مستقبل میں جی ٹو جی برآمدات کیلئے نیشنل شپنگ کارپوریشن کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں