سائٹ کی صنعتوں کو پانی بندش سے پیداواری سرگرمیاں مفلوج
صورتحال پرصنعتکاروں کو تشویش، حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کردیا جمعہ سے پانی بند، برآمدی و مقامی آرڈرز متاثر ہو رہے ، صدر احمد عظیم علوی
کراچی (کامرس رپورٹر)سائٹ ایریا کراچی کی صنعتوں کو پانی کی فراہمی معطل ہونے کے باعث فیکٹریوں کی پیداواری سرگرمیاں مکمل طور پر بند ہو گئی ہیں، جس پر صنعتکاروں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری حکومتی مداخلت کا مطالبہ کیا ہے ۔صدر سائٹ ایسوسی ایشن احمد عظیم علوی کے مطابق جمعے کی شام سے پانی کی سپلائی بند ہے جسکے نتیجے میں صنعتی پہیہ رک گیا ہے اور برآمدی و مقامی آرڈرز متاثر ہو رہے ہیں احمد عظیم علوی نے کہا کہ ملک کو سب سے زیادہ ریونیو دینے والے شہر کی صنعتیں پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم ہیں، جس سے پاکستان کو ناقابلِ تلافی معاشی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے انکا کہنا تھا کہ اگر پانی کی فراہمی فوری بحال نہ کی گئی تو پیداواری سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنا ممکن نہیں ہوگاصدر سائٹ ایسوسی ایشن نے خبردار کیا کہ صنعتوں کی بندش سے لاکھوں مزدور بیروزگار ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں، جسکے سماجی اور معاشی اثرات دور رس ہونگے ۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سے فوری نوٹس لینے اور میئر کراچی و ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایات جاری کرنے کا مطالبہ کیا کہ صنعتی پانی کی فراہمی بلا تاخیر بحال کی جائے انہوں نے کہا کہ صرف واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن موجودہ حالات میں صنعتوں کی ضروریات پوری نہیں کر سکتی انکے مطابق سب سوائل واٹر سپلائی کے چارجز میں حالیہ اضافے کے بعد کنٹریکٹر نے احتجاجاً کام بند کر دیا، جس کے باعث پانی کی ترسیل شدید متاثر ہوئی ہے احمد عظیم علوی کا کہنا تھا کہ سب سوائل کے مسائل حل کیے بغیر صنعتوں کا چلنا ممکن نہیں۔