اسٹاک ایکسچینج:مندی کے بادل چھٹ گئے، 75 ارب منافع
896 پوائنٹس کے اضافے سے 100انڈیکس ایک لاکھ82ہزار49پربند
کراچی(بزنس رپورٹر)اسٹاک ایکسچینج میں تین ٹریڈنگ سیشن میں مندی کے بعد بدھ کو تیزی کا رجحان غالب آگیا۔جس کے نتیجے میں 100 انڈیکس کی 1لاکھ 83ہزار پوائنٹس کی سطح بحال ہوگئی۔ تیزی کے سبب 44فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ حصص کی مالیت میں 76ارب 65کروڑ 08لاکھ 63ہزار 621روپے کا اضافہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز تیزی سے ہوا جس کے فوری بعد پرافٹ ٹیکنگ سے ایک موقع پر 99پوائنٹس کی مندی بھی ہوئی ، اس دوران بینکنگ سیمنٹ سیکٹر کے علاوہ انفرادی اسٹاکس میں خریداری سرگرمیاں بڑھنے سے مندی کے اثرات زائل ہوگئے ۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 896 پوائنٹس کے اضافے سے 183049پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری حجم منگل کی نسبت 31فیصد کم رہا ۔مجموعی طور پر 477 کمپنیوں کے حصص کاکاروبار ہوا جس میں سے 208 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ، 223 میں کمی اور 46 کمپنیوں کی قیمتوں میں استحکام رہا۔