پاکستانی کمپنی کا امریکی اے آئی فرم خریدنے کا معاہدہ
1.25 ارب روپے سرمایہ کاری کی منظوری، اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کر دیا
کرچی(بزنس رپورٹر)پاکستانی ٹیکنالوجی کمپنی نے امریکی آئی ٹی کمپنی کے حصول کیلئے معاہدہ طے پا جانے کی باضابطہ اطلاع اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کر دی ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری خط میں بتایا گیا ہے کہ یہ ڈیل نہ صرف کاروباری توسیع بلکہ جدید ٹیکنالوجی تک رسائی کے حوالے سے بھی سنگ میل ثابت ہوگی۔ خط کے مطابق جس امریکی کمپنی کو خریدا جا رہا ہے وہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل اثاثوں کی مارکیٹنگ کے شعبے میں سرگرم ہے اور بین الاقوامی صارفین کو جدید اے آئی سروسز فراہم کر رہی ہے۔ کمپنی نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ رواں سال اس امریکی ادارے کو تقریباً 7 لاکھ ڈالر منافع حاصل ہوگا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس خریداری کے بعد ادارہ عالمی مارکیٹ میں اپنی موجودگی مضبوط بنائے گا۔ کمپنی نے اپنے خط میں واضح کیا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز اس منصوبے کے لیے پہلے ہی 1 ارب 25 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی منظوری دے چکا ہے۔