ای آر ایف پرمارک اپ کی شرح میں3فیصد کمی

ای آر ایف پرمارک اپ کی شرح میں3فیصد کمی

ریلیف نئے قرضوں ، رول اوور کیسز پر جون 2027 تک لاگو رہے گا

کراچی(بزنس رپورٹر)بینکنگ شعبے نے قومی مفاد میں ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے برآمد کنندگان کیلئے مالی سہولت سستی کرنے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے مطابق بینکوں نے ایکسپورٹ ری فنانس فیسلٹی(ای آر ایف) پر مارک اپ کی شرح میں رضاکارانہ طور پر 3 فیصد کمی کر کے اسے 4.50 فیصد تک محدود کر دیا ۔یہ ریلیف تمام نئے قرضوں اور رول اوور کیسز پر جون 2027 تک لاگو رہے گاجس سے برآمدی لاگت کم اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی مسابقت بہتر ہونے کی توقع ہے ۔پی بی اے کا کہنا ہے کہ بینکاری شعبہ معاشی بحالی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے مسلسل آگے بڑھ رہا ہے ۔مالی سال 2025 کے دوران نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں 1 کھرب 10 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا۔

اسی طرح زرعی شعبے میں قرضوں کی تقسیم بڑھ کرریکارڈ 2 ہزار 580 ارب روپے تک پہنچ گئی جبکہ زرعی قرض لینے والوں کی تعداد 27 لاکھ سے بڑھ کر 30 لاکھ ہو گئی ۔اس پیشرفت کو دیہی معیشت کیلئے حوصلہ افزا قرار دیا جا رہا ہے ۔چیئرمین پی بی اے ظفر مسعود کے مطابق مالی سال 2026 کی پہلی ششماہی میں بھی نجی قرضوں میں 654 ارب روپے کا مزید اضافہ ہوا جبکہ بینکوں سے کاروباری قرض لینے کی شرح میں 57 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔انکا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو فراہم کیے جانے والے قرضوں کا حجم گزشتہ دو برسوں میں دوگنا ہو چکا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں