خلیجی،افریقی ممالک کو چاول کی برآمدات بڑھانے کی مہم تیز

خلیجی،افریقی ممالک کو چاول کی برآمدات بڑھانے کی مہم تیز

گلف ممالک میں زیرو ڈیوٹی سہولت، سعودیہ،یواے ای بڑی منڈیاں قرار

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان نے بہتر مارکیٹ رسائی، تجارتی مذاکرات، نمائشوں اور خریداروں سے روابط بڑھانے کے اقدامات کے ذریعے خلیج تعاون کونسل (جی سی سی)ممالک اور افریقی منڈیوں میں چاول کی برآمدات میں اضافے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق پاکستان کو جی سی سی خطے میں چاول کی برآمدات پر پہلے ہی زیرو امپورٹ ڈیوٹی کی سہولت حاصل ہے جس سے ملکی برآمدکنندگان کو نمایاں مسابقتی برتری ملتی ہے ۔سعودی عرب اور یو اے ای پاکستانی چاول کی دو بڑی منڈیاں بن کر ابھری ہیں تاہم قیمتوں میں مسابقت اب بھی ایک بڑا چیلنج ہے ۔ حکام ان مارکیٹوں میں پاکستان کا برآمدی حصہ بڑھانے کے لیے فعال اقدامات کر رہے ہیں۔

تجارتی تعلقات مضبوط بنانے کیلئے پاکستان نے رائس ایکسپورٹرزکے وفود کو سعودی عرب کے دوروں میں سہولت فراہم کی ہے ۔پاکستانی کمپنیاں بین الاقوامی تجارتی میلوں میں بھی شرکت کر رہی ہیں۔ دبئی میں منعقدہ گلفوڈ ایکسپو 2026 میں چاول برآمدکنندگان عالمی خریداروں کے سامنے پاکستانی چاول کی تشہیر اور نمائش کیلئے سرگرم ہیں۔افریقی منڈیوں میں بھی پاکستان چاول کے برآمدکنندگان کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے کی غرض سے متعدد تجارتی اور تشہیری اقدامات کر رہا ہے ۔حکومت موزمبیق کے ساتھ ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے )پر مذاکرات کر رہی ہے اور مسودہ حتمی مراحل میں ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں