پاور سیکٹر کاانتظام فعال واپڈا اداے کودیا جائے ، رمضان اچکزئی
سفارشی بھرتیوں نے ادارہ تباہ کیا، میٹر ریڈرز کی کمی غلطیوں کا سبب، اجلاس
کوئٹہ(این این آئی)آل پاکستان واپڈا ہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین(سی بی اے ) کے میٹر ریڈنگ اسٹاف کا اجلاس زیر صدارت مرکزی جوائنٹ صدر و صوبائی چیئرمین محمد رمضان اچکزئی منعقد ہوا، جس میں کہا گیا کہ میٹر ریڈرز اور بل ڈسٹری بیوٹرز اسٹاف کی آدھی سے زیادہ اسامیاں خالی ہیں اور ایک میٹر ریڈرسے 02 اور 03 میٹر ریڈرز کا کام لیا جارہا ہے جس سے غلطیاں سرزد ہو رہی ہیں، اس لیے میٹر ریڈنگ اسٹاف کی کمی کو پورا کیا جانا کیسکو انتظامیہ کی ذمہ داری ہیں۔ اس موقع پر اجلاس سے یونین کے مرکزی جوائنٹ صدر و صوبائی چیئرمین محمد رمضان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت اور ماضی کے انہی حکمرانوں نے ملک کے سب سے فعال ادارے واپڈا کو تقسیم درتقسیم کرکے اس میں باہر سے بورڈ کے چیئرمین اور ممبران کو سیاسی اور سفارشی بنیادوں پر تعینات کرکے پاور کمپنیوں میں سیاسی مداخلت کے بعد آج پاور سیکٹر کی یہ کمپنیاں تباہی کے کنارے پہنچ گئی ہیں۔